کوئٹہ (آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغاکی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کی رپورٹس پیش کی گئی ۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹیوز کے اراکین سردار ادریس بڑیچ، صورت خان کاکڑ، گل خلجی ، حضرت عمر ایڈووکیٹ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 52ویں برسی کے کامیابی اور عظیم الشان جلسہ عا م ضلع کمیٹی اور ضلع کوئٹہ کے تمام کارکنوں کو داد تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے ملتوی ہونے سے متعلق کہا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقا د کے لیے پارٹی مسلسل مطالبہ کرتی رہی ہے اور حالیہ انتخابات میں پارٹی نے کوئٹہ کے 172یونین کونسلز پر چاروں ٹاؤنز میں پارٹی کے امیدواروں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ سے مشترکہ امیدواروں کو نامزد کر رکھا تھا جس کی بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی اور عوام کی بھرپور حمایت ہمارے امیدواروں کو حاصل تھی ۔ اور یہی وجہ ہے کہ انتخابات کو ملتوی کرنے میں جن سیاسی جماعتوں نے اپنا حصہ لیا وہ ہمارے مہم اور عوامی رائے سے گھبر ا گئی تھیں۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے عوام کو درپیش مسائل کی ذمہ دار فارم 47کی حکومت اور وہ سیاسی پارٹیاں ہیں جنہوں نے بلدیاتی انتخابات کوملتوی کرنے میں حصہ لیا۔اور نہ صرف امیدواروں کو مالی نقصانات سے دوچار کیا گیا بلکہ الیکشن کمیشن اور سرکاری خزانے کے کرورڑوں روپے ضائع ہونے کا سبب بنے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گیس کمپنی صرف مہنگے بل بھیجنے اور عوام /صارفین کو لوٹنے کے لیے بیٹھی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر تمام علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے سے قبل گیس پریشر کو درست کرکے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ کوئٹہ شہر میں جاری چوری ، ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ، شہریوں کو زدکوب وزخمی کرنے کے واقعات کے ذمہ دار وہ پولیس تھانے ہیں جہاں جرائم پیشہ عناصر کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے ۔آئی جی پولیس تمام تھانوں کی نگرانی خود کرنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات اٹھائیں۔