وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے سرجیکل آلات کی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی اردو بازار میں واقع دفتر میں کی گئی، ملزم معصوم احمد سے چیک بکس، لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے مشتبہ ٹرانزیکشز کا ریکارڈ برآمد ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر پی ای سی ایچ ایس میں مکان پر بھی چھاپا مارا گیا جہاں ایک گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کرنسی میں 63 ہزار 762 امریکی ڈالر، 49 ہزار 170 یورو اور 3 ہزار 100 سعودی ریال شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کارروائی میں آئی ڈراپس، لینسز، کٹس اور دیگر سرجیکل آلات برآمد کیے گئے۔