• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری سیاسی امور جان باس آئندہ ہفتے پاکستان آئینگے

اسلام آباد (فاروق اقدس) امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے انتظامی امور اور نائب انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور جان باس جو اس وقت ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے دورے پر ہیں آئندہ ہفتے پاکستان کے دورے پر اسلام آباد آئیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ذرائع کے مطابق جان باس قطری حکام کے ساتھ افغانستان کے مسئلے پر تبادلہ خیال کریں گے اور پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر توجہ مرکوز کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں انڈر سیکریٹری باس پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور امریکا پاکستان شراکت داری کے حصے کے طور پر علاقائی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے میں پاک امریکہ تعلقات پر مفصل جائزہ لیا جائے گا، پاکستانی قیادت سے اقتصادی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی ایشوز پر بات ہوگی، پاک امریکہ معاشی و تجارتی تعلقات پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور11ہزار میگاواٹ کی شمسی توانائی کی صلاحیت نصب کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے جو ملک میں رہائشی کھپت کا ایک تہائی پورا کرے گا۔ یاد رہے کہ جان باس دسمبر 2017سے جنوری 2020 تک ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے تحت افغانستان میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سعودی عرب اعلیٰ حکام اور بلخصوص ایران کے صدر کے دورہ پاکستان کے بعد امریکی حکومت کی کسی اعلیٰ سفارتی شخصیت کے دورے کو اس تناظر میں غیرمعمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید