برسلز( حافظ اُنیب راشد ) یورپی یونین، بلجیم اور لکسمبرگ میں سفیر پاکستان آمنہ بلوچ نے بلجیم کی ہاسلٹ یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی پہنچنے پر ڈائریکٹر ریسرچ، لائبریری اینڈ انٹرنیشنلائزیشن سعدیہ وانکاوینبرگ اور یونیورسٹی کے دیگر حکام نے سفیر پاکستان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران آمنہ بلوچ نے ہاسلٹ یونیورسٹی کو اس کے اختراعی انداز اور مختلف تعلیمی شعبوں میں متاثر کن پیش رفت پر سراہا۔ بلجیم اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ہاسلٹ یونیورسٹی سمیت دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے درمیان نتیجہ خیز تعاون اور اشتراک کے امکانات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے یونیورسٹی کے سالانہ ورلڈ ایوننگ ایونٹ کے ایک حصے کے طور پر پاکستانی فوڈ اسٹال کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر متنوع پاکستانی ثقافت اور کھانوں کی نمائش میں پاکستانی طلبہ کی کوششوں کو سراہا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سفیر پاکستان کا یہ دورہ باہمی فائدے کیلئے بیلجیم کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستانی عزم کو اجاگر کرتا ہے۔