اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پفما) کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا‘ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو آئندہ منگل 14مئی کو وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے ایک سو پچیس فلور ملز مالکان سے اہم ملاقات کرینگے جنہوں نے پی ڈی ایم حکومت کے دور میں مستحق افراد کو رمضان میں مفت آٹا پیکیج میں پیش کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی یقین دہانی پر اپنے گوداموں سے 85کروڑ روپے کی گندم مہیا کی۔ اُس وقت انہیں یقین دلایا گیا کہ محکمہ خوراک پچاسی کروڑ کی یہ گندم نئی فصل آنے پر سرکاری طور پر واپس کر دیگا مگر اب جبکہ محکمہ خوراک ختم ہونے کی اطلاعات ہیں‘ سوا سو فلور ملوں کے مالکان کو اپنی پچاسی کروڑ روپے کی رقم جو پنجاب حکومت کو رمضان پیکیج کے تحت آٹے کی فراہمی کیلئے دی تھی اس مسئلے پر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن لاہور ہائیکورٹ میں اگلے ہفتے رٹ پٹیشن دائر کرنے جا رہی ہے۔ متاثرہ فلور ملوں کی طرف سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی کو تحریری طور پر عرضداشت پیش کر دی گئی ہے کہ محکمہ خوراک راولپنڈی میں اُنکی ملز سے مفت آٹا برائے رمضان فری پیکیج سال 2023ء حاصل کی گئی جو کہ ہر ملز نے سترہ ہزار پانچ سو ساٹھ تھیلا آٹا میگا سنٹر راولپنڈی سیلز پوائنٹس بھجوا دیا۔ محکمہ خوراک کی جانب سے یہ کہا گیا کہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں گندم کم ہونے کی وجہ سے فلور ملز مالکان اپنے پاس سے پرائیویٹ گندم پسائی کر کے آٹا سیلز پوائنٹس پر بھجوائیں‘ہم اسکے بدلے ہر فلور ملز کو گندم مہیا کرینگے اور مزید آرڈر کیا کہ ملز میں پانچ سو تھیلا ہر وقت تیار رکھیں جو ضرورت پڑنے پر انتظامیہ مزید منگوا سکتی ہے۔