• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج فلسطینیوں کی باری ہے تو کل کسی اور کی ہوگی، حافظ نعیم

 
فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر مؤثر آواز اٹھنی چاہیے۔ آج فلسطینیوں کی باری ہے تو کل کسی اور کی ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ 19 مئی کو جماعت اسلامی پشاور میں غزہ ملین مارچ کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ غزہ میں 40 ہزار فلسطینی شہید اور دس ہزار لاپتہ ہوچکے ہیں۔ غزہ میں اسرائیل نے قحط سالی پیدا کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کو محدود پیمانے پر کارروائی کی اجازت دے رہا ہے۔

حافظ نعیم نے سوال اٹھایا کہ مصر جواب دے اسرائیل رفح بارڈر کیسے بند کر رہا ہے؟ آج فلسطینیوں کی باری ہے تو کل کسی اور کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نمائندے اقوام متحدہ میں اچھا مؤقف اختیار کر رہے ہیں۔ پاکستان کی مؤثر آواز ہی کافی نہیں، عملی حصہ ڈالنا چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلبا نے مظاہرہ کیا جس پر تشدد کیا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے باہر تو مظاہرہ کیا جاسکتا ہے مگر اسلام آباد میں نہیں۔

بلوچستان کے مسائل پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ صوبے میں گیس نکلنے کے باوجود فراہم نہیں کی جا رہی، ملک میں میرٹ کی بنیاد پر کام ہونا چاہیے۔ 

امیر جماعت اسلامی نے کہا ملک میں قانون پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ انکا کہنا تھا کہ گوادر کے ماہی گیروں کو مسائل کا سامنا ہے۔ جب احساس محرومی ہوگا تو عالمی قوتیں بھی اسے کیش کرتی ہیں۔

حالیہ انتخابات پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی حکومتیں ہیں، پی پی ن لیگ اور ایم کیو ایم کو جبری مسلط کردیا گیا ہے۔ 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جوڈیشل کمیشن بنائیں، چیف جسٹس فارم 45 کی بنیاد پر نتائج مرتب کروائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ معیشت پر زبردستی کے خوشنما اعداد و شمار جاری کیے جارہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید