اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) وفاقی دار الحکومت اسلام آ باد کے سر کاری مکانوں میں غیر قانونی تعمیرات کی بھر مار ہوگئی ہے۔مکان کرائے پر چڑھا دیے گئے،اسٹیٹ آفس نے تین سروے ٹیمیں اور ایک مانٹرنگ ٹیم تشکیل دیدی سر کاری مکانوں میں ناجائز قابضین رہائش پذیر ہیں۔ بعض سر کاری ملازمین نے اضافی کمرے بنا کر کرائے پر دیے ہوئے ہیں۔ گھروں کے سامنے سر کاری اراضی پر گیراج اور سٹور بنائے گئے ہیں ۔ دیواریں بنا کر صحن میں توسیع کی گئی ہے۔ بعض مکانوں میں کمر شل سر گر میاں جا ری ہیں۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیر زادہ نے اس کا نوٹس لیتے ہو ئے فوری ایکشن کی ہدایت کی ہے۔ان کی ہدایت پر اسٹیٹ آفس نے سر کاری مکانوں میں کی گئی غیر قانونی تعمیرات ٗ ان پر کئے گئے غیر قانونی قبضہ اور کرایہ پر چڑھانے والوں کے خلاف کر یک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کا رروائی کیلئے پہلے مرحلے میں سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔