• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں قائم مسلم تنظیم اکنا کا 50واں سالانہ کنونشن کا آغاز

میری لینڈ (عظیم ایم میاں) امریکا میں منظم تنظیم اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا (ICNA) کا 50سالہ کنونشن امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں شروع ہوگیا ہے جس میں منتظمین کے اندازے کے مطابق اس تین روزہ کنونشن میں تقریباً 25تا 30ہزار امریکا میں آباد مسلمان شرکت کررہے ہیں۔ بالٹی مور کے وسیع و عریض کنونشن ہال میں پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت سمیت مختلف آبائی ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمان خاندانوں اور نوجوانوں سمیت کئی ہزار شرکاء پہلے ہی آچکے ہیں اور قرب و جوار کے بڑے ہوٹلوں اور لابیوں سمیت آس پاس کے علاقوں میں مختلف امریکی ریاستوںاور کینیڈا سے آنے و ا لے مسلمان خاندانوں کے ہجوم نظر آرہے ہیں۔ 24مئی سے شروع ہونے والا یہ کنونشن 26مئی کی دوپہر کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس سالانہ کنونشن میں اس مرتبہ عصر حاضر کے مسلم کمیونٹی کو درپیش مسائل اور اکیسویں صدی میں مسلمانوں کے موثر رول کے بارے میں گفتگو، اسکالرز کی تقاریر اور بحث و مباحثہ بھی ہوگا۔ متوازن معاشرہ میں اخلاقیات اور سادگی، اسلام میں خاندان کی اہمیت اور دیگر موضوعات پر ہونے والے مختلف سیشن کے ساتھ ساتھ آرٹیفشل انٹیلی جنس، ٹیکنالوجی، کرپٹو کرنسی اور سود سمیت عصر حاضر میں مسلمانوں کودرپیش چیلنجز کے موضوعات پر بھی لیکچرز، گفتگو اور دیگر سیشنز ہوں گے۔ اس سالانہ کنونشن میں نوجوان مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد بھی شرکت کررہی ہے جبکہ عالمی شہرت یافتہ نئی نسل کے مقررین عمر سلمان، یاسر قاضی، ناصر جانگھڑا، نو مسلم امریکی امام صہیب ویب اور دیگر نامور اسکالرز بھی شرکت اور خطاب کررہے ہیں جنہیں سننے کیلئے امریکا میں آباد مسلم نوجوان بڑے جوش و خروش سے شریک ہیں۔
اہم خبریں سے مزید