• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی پاسپورٹ اسکینڈل، FIA کے 10 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)ایف آئی اے نے افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹس کے ذریعے سعودی عرب جانے کی سہولت فراہم کرنے کے الزام میں اپنے 10اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا،ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ایک افغان شہری آغا خان کے مئی 2023 میں پاکستانی پاسپورٹ پر سیالکوٹ ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے کےانکشاف پرمعاملے کی انکوائری کروائی اور تحقیقات کا دائرہ بڑھایا تومعلوم ہواکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے اہلکاروں کی ملی بھگت سے 41 افغان شہری سعودی عرب گئے ہیں وہ لوگ نادرامیں رجسٹرڈ نہیں ،ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے بھی تصدیق کی کہ ان کا ریکارڈ موجود نہیں ،اگرچہ ان کے پاسپورٹوں پر امیگریشن کاؤنٹر کے سکین شدہ محافظ رجسٹریشن نمبر موجود تھے ، جن کے جعلی ہونے کی بھی تصدیق ہوئی،انکوائری میں ایف آئی اے کے 10 اہل کارسب انسپکٹرز اسد ضمیر، سلیمان لیاقت ورک اور عمران شوکت ورک، اے ایس آئی ثاقب امیر، اور ہیڈ کانسٹیبلز محمد شہزاد، شہزادہ لطیف، فیاض احمد، محمد ادریس، محمد نواز اور حیدر علی مبینہ طور پر افغانیوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے میں ملوث پائے گئے ،تاہم اس معاملے میں ایف آئی اے کے نگران افسر کے کردار کا تعین بعد میں کیا جائے گا ،ایف آئی اے نے میکائل بنگیا، خالد خان، محمد دانش، اسلم گلفام، صلاح شاہ اور ظہور خان سمیت 41 افغان باشندوں اور 6 ٹریول ایجنٹوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا،ملزموں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ، امیگریشن آرڈیننس 1979، فارنرز ایکٹ 1946، پاسپورٹ ایکٹ 1974 اور بدعنوانی کی روک تھام ایکٹ 1947 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
اہم خبریں سے مزید