کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں اور اسرائیل غزہ میں بدترین جارحیت اور دہشت گردی کر رہا ہے، امریکی صدر پر ہر گز اعتماد نہیں کیا جا سکتا، وہ بھارت کے حامی اور غزہ میں فلسطینیوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں، پیپلز پارٹی آرمی چیف کی تصاویر لگانے سے مقبول نہیں ہو سکتی، کراچی کو اس کا حق دے، پانی بحران سمیت دیگر مسائل حل کرے، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سپریم کورٹ کے حکم اور آرٹیکل 140-Aکے تحت اختیارات و وسائل فراہم کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر کراچی منعم ظفر خان،نائب امراء کراچی مسلم پرویز،محمد اسحاق خان،راجا عارف سلطان، نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ جماعت اسلامی شعبہ میڈیکل کے تحت 31مئی کو اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں ”ڈاکٹروں کا مارچ“ ہوگا، یکم جون کو حیدر آباد میں عظیم الشان وتاریخی”بھارت و اسرائیل مردہ بادجلسہ عام“کیا جائیگا، مسلم ممالک کے حکمران غیرت وحمیت کا مظاہرہ کریں اور فلسطین کی مدد کریں، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت غذائی اجناس فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاک فوج اور ائیر فورس نے جس طرح بھارت کیخلاف مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح اسرائیل کیخلاف بھی عملی اقدامات کیے جائیں۔