اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) سابق بیوروکریٹ سلمان فاروقی کی نئی کتاب ’’ڈیئر مسٹر جناح‘‘ شائع ہو گئی۔ 432 صفحات پر مشتمل کتاب پاکستان کی آزادی کے بعد سے ایک سول سرونٹ کی 70سالہ زندگی اور ملکی تاریخ پر ایک منفرد نقطہ نظر پیش کرتی ہے۔ کتاب میں سلمان فاروقی کے ذاتی تجربات، یادداشتوں اور ملکی تاریخ کے تلخ و شیریں سیاسی واقعات کے عینی شاہد ہونے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ سلمان فاروقی سابق وزرائے اعظم محترمہبینظیر بھٹو اور محمد خان جونیجو کے سیکرٹریز کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ملک کے بعض اعلیٰ سول سروس کے عہدوں پر فائز رہے جن میں سفیر بلا سفارتخانہ، صدر پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور نائب چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سیاست کے پر آشوب منظرنامے کو اجاگر کرنیوالے واقعات کی تفصیل بھی پیش کی ہے۔ کتاب قوم کے بانی، محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کیساتھ ساتھ ایک تجربہ کار سول سرونٹ کی امیدوں اور مایوسیوں کی عکاسی اور ان چیلنجوں‘ کھوئے ہوئے مواقع اور خود ساختہ رکاوٹوں کا ذکر کرتی ہے جن کا پاکستان نے قوم بننے کے بعد ستر سال میں سامنا کیا۔ پاکستانی مورخ پروفیسر عائشہ نے کتاب کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ کتاب میں تاریخ کے طلباء اور عام قارئین کیلئے سیکھنے اور فائدہ اٹھانے کی خاطر بہت کچھ موجود ہے۔