• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری فلسطینیوں کیخلاف وحشیانہ جارحیت بند کرائے، محمد بن سلمان

جدہ (شاہدنعیم) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کیخلاف وحشیانہ جارحیت بند کرائے، سعودی عرب فلسطینی ریاست کے قیام اور اس کی بین الاقوامی شناخت کی حمایت کرتا ہے۔ بحرین کی میزبانی میں منعقدہ عرب سربراہ کانفرنس سے خطاب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ سعودی عرب نے عرب مسائل پر بہت زیادہ توجہ دی ہے۔ مملکت بحیرہ احمر میں بحری نقل وحرکت کی حفاظت پر زور دیتی ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز شاہ سلمان کی ہدایت پر جمعرات کو منامہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے دیگر عرب قیادت کے ہمراہ عرب لیگ کے 33 ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ کی پٹی پر چڑھائی جس بہانے سے بھی شروع کی گئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ ریاض نے غزہ میں انسانی حالات سے نمٹنے کی کوششوں کی حمایت کی اور غزہ جنگ کو روکنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ مملکت تنازعات کو پرامن طریقوں سے حل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ اجلاس کی طرف سے جاری کردہ "منامہ اعلامیے" میں دو ریاستی حل کے نفاذ تک مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی امن فوج کی تعیناتی" کا مطالبہ کیا گیا۔جمعرات کو منامہ میں منعقدہ عرب سربراہ اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں عرب ممالک کی جانب سے دریائے نیل، دجلہ اور فرات میں پانی کی حفاظت اور مصر، سوڈان، عراق اور شام کے حقوق کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔

دنیا بھر سے سے مزید