• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سفیر کا مساوی صحت کی سہولتوں کیلئے ترقی پذیر ممالک میں مؤثر ٹیکنالوجی کی منتقلی پر زور

پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے سائنس ڈپلومیسی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مؤثر ٹیکنالوجی کی منتقلی پر زور دیا۔

برسلز میں پاکستانی سفارت خانے ے بین الاقوامی سماجی تنظیم پاتھ ای یو اور یوٹوپیا یونیورسٹی کنسورشیم کے تعاون سے جاری یورپی پبلک ہیلتھ ویک کی مناسبت سے ’کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں سائنس ڈپلومیسی کے ذریعے مینوفیکچرنگ کی صلاحیت میں اضافہ‘ کے موضوع پر پینل ڈسکشن اور نیٹ ورکنگ سیشن کی میزبانی کی۔

اپنے ابتدائی کلمات میں سفیرِ پاکستان آمنہ بلوچ نے بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے درمیان خلا کو پُر کرنے اور بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے میں سائنس ڈپلومیسی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے صحت کے نتائج کو بہتر بنانے اور مقامی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کے ذریعے معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ مقاصد پر زور دیا اور کہا کہ صحت کی مساوی سہولتوں کے لیے ضروری ہے کہ مؤثر ٹیکنالوجی کی منتقلی کی جائے۔

تقریب کے پینلسٹس میں شریک ڈاکٹر رولانڈو توماسینی (ڈائریکٹر پارٹنرشپ ڈیولپمنٹ، پاتھ بیلجیم)، ایرک پیگیٹ (یوٹوپیا یونیورسٹی الائنس کے لیے سائنس ڈپلومیسی کوآرڈینیٹر) اور بین الاقوامی کارپریشن کے سربراہ نینکی بُزیمین شامل تھے۔

مقررین نے عالمی صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں معاونت کے لیے معاون فریم ورک اور پالیسی کے راستے بنانے کی حکمت عملیوں پر غور کیا۔ 

اس گفتگو میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، علمی آلات اور سائنس ڈپلومیسی کے ذریعے تعاون پر مبنی کوششوں کی کامیاب مثالیں بھی اس کے اثرات کو مزید بڑھانے کے لیے شیئر کی گئیں جبکہ تعلیمی نمائندوں نے صحت عامہ کے حل کے لیے جدت کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی تحقیق و علم کے اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ 

تقریب کا اختتام سائنس ڈپلومیسی کے ذریعے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ ہوا تاکہ ترقی پذیر ممالک میں صحت کے مضبوط اور زیادہ لچکدار نظام کی تعمیر کی جا سکے۔ 

واضح رہے کہ یورپی پبلک ہیلتھ ویک تعاون کو فروغ دینے، علم کا اشتراک کرنے اور اسٹیک ہولڈرز کو بات چیت میں شامل کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے جس کا مقصد صحت عامہ کی پالیسیوں اور طریقوں کو بہتر بنانا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید