بھارتی معروف ڈرامہ سیریز تارک مہتا کا الٹا چشمہ کے گزشتہ ماہ سے لاپتا اداکار گروچرن سنگھ گزشتہ شب خود گھر واپس آگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر لوٹنے پر اداکار گروچرن سنگھ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
انہوں نے دورانِ تفتیش پولیس حکام کو بتایا کہ وہ مذہبی سفر پر تھے اور اس دوران انہوں نے امرتسر اور لدھیانہ سمیت مختلف شہروں کے گُردواروں میں قیام کیا۔
پولیس کے مطابق اداکار کو بعد میں احساس ہوا کہ انہیں گھر واپس جانا چاہئے، کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کو مطلع کیے بغیر غائب ہوگئے تھے۔
تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اداکار ایک مذہبی فرقے کے پیروکار ہیں جو مراقبہ کرتا ہے، انہوں نے اس سے قبل مراقبہ کے لیے ہمالیہ جانے میں بھی دلچسپی ظاہر کی تھی۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریز تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں روشن سنگھ سوڈھی کا کردار نبھانے والے اداکار گزشتہ ماہ کی 22 تاریخ کو دہلی میں اپنے گھر سے ممبئی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
ان کے والد نے دہلی کے پولیس اسٹیشن میں اپنے بیٹے کی گمشدگی کی رپورٹ 26 اپریل کو درج کروائی تھی۔