• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رفح کی گلیوں میں گھمسان کی لڑائی، خوفناک بمباری، 120 شہید، حماس کے جوابی وار

رفح، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ کے شہر رفح کی گلیوں میں اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ، رفح سمیت غزہ بھر پر اسرائیلی طیاروں کی خوفناک بمباری کے دوران 120فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، رفح سے 8لاکھ اور شمالی غزہ میں ایک لاکھ افراد کی دوبارہ جبری نقل مکانی ، حماس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل پر جوابی وارکرتے ہوئے اسرائیلی فوجی ٹینک، ہیلی کاپٹر اور فوجیوں کے گروپ کو نشانہ بنایا ہے،امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ حوثیوں کی طرف سے داغا گیا میزائل یمن کے قریب یونان کے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گیا، جس سے جہاز کو نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حماس نے جبالیہ پر اسرائیل کےشدید " وحشیانہ حملوں" کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوجیوں نے اسکولوں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بناتے ہوئے درجنوں شہریوں کو شہید اورسیکڑوں کو زخمی کردیا ہے ،حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قابض اسرائیلی افواج کے بڑھتے ہوئے جرائم ہماری بہادر مزاحمت کو توڑنے یا ہمارے قابل فخر لوگوں کو اپنی سرزمین پر ثابت قدم رہنے کے فیصلے سے باز رکھنے میں کامیاب نہیں ہوگی۔اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز کہا کہ صیہونی فوجیوں نے غزہ کی پٹی سے ایک اور اسرائیلی قیدی رون بینجمن کی لاش برآمد کرلی ہے جسے 7اکتوبر کے حملے کے روز ہی ہلاک کردیا گیا تھا ، حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے بتایا ہے کہ انہوں نےجبالیہ کے مشرق میں ایک اسرائیلی فوجی کوا سنائپر سے نشانہ بنایا ، رفح کے ایک گھر میں موجود15 فوجیوں کے ایک گروپ پر اینٹی پرسنل ڈیوائسز سے حملہ کیا اور ہلکے ہتھیاروں اور دستی بموں کا استعمال کیا، رفح کے التنور محلے میں ایک اسرائیلی ٹینک کو بھی یاسین گولے سے نشانہ بنایا، ایک اسرائیلی "اپاچی" ہیلی کاپٹر کوزمین سے فضا میں مار کرنے والے طیارہ شکن میزائل (SAM-7) سے نشانہ بنایا۔

دنیا بھر سے سے مزید