سابق کپتان پاکستان مینز کرکٹ ٹیم یونس خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس کامیابی کا ہر جز موجود ہے، پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے فائنل تک جانے کا پورا موقع ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا کامبی نیشن ٹھیک لگ رہا ہے۔ اگلے جو میچز ہیں ان میں دیکھ لیں جو کرنا ہے کرلیں۔ جن کو اب تک موقع نہیں ملا ان کو بھی دیکھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ ہمیشہ ففٹی ففٹی سے شروع ہوتا ہے، پاک بھارت میچ میں صلاحیت کے ساتھ اعصاب کا بھی مقابلہ ہے، جو اعصاب پر بہتر کنٹرول کرے گا وہ کامیاب ہوگا۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز ہونی چاہیے۔ بار بار کھیلیں گے تو ایک دوسرے سے پریشر کا ماحول بھی ریلیز ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے میچز دونوں ٹیموں کو پلیئرز دیتے ہیں، جو اس سیریز میں پرفارم کرتا ہے وہ ہیرو بنتا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ دونوں ملکوں کی حکومتوں اور بورڈ کو بیٹھ کر سیریز پر بات کرنا چاہیے۔ دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔
قومی ٹیم کی صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ایک دو نہیں بلکہ زیادہ میچ ونر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ایسا فارمیٹ ہے جس میں طے شدہ بیٹنگ آرڈر نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کامیابی کا ہر جز موجود ہے۔ پاکستان کے پاس فائنل تک جانے کا پورا موقع ہے۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009 کی فاتح ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم فرنٹ سے لیڈ کریں۔ لیڈر کو صرف اپنی نہیں، سب کی کارکردگی پر فوکس کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تیز کھیلنا صرف ایک بندے کی ذمہ داری نہیں۔ نوجوانوں اور سینئرز سب پر ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔ پاور پلے کو پاور پلے کے مطابق اور مڈل کو اسکے مطابق کھیلیں۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ ہمیں مڈل اوورز میں بھی اپنا مومینٹم رکھنا ضروری ہے۔ 7 سے 14 اوورز کے درمیان بھی رفتار سے رنز بنائیں۔