غیر متوازن خوراک، ماحولیاتی آلودگی اور بالوں کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنا، یہ چند ایسی وجوہات ہیں جنھیں عام طور پر بالوں میں خشکی یا ڈینڈرف کا باعث سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ خشکی بنیادی طور پر فنگس کی وجہ سے ہوتی ہے۔ بالوں میں خشکی ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے بہت سے لوگ پریشان رہتے ہیں۔
خشکی قدرتی طور پر ہم سب کی جِلد پر ہوتی ہے لیکن ان میں سے نصف لوگوں کے لیے یہ پریشانی کا سبب بن جاتی ہے۔ اس میں بھی ایک تہائی لوگ ایسے ہیں جن میں یہ مسئلہ اتنا بڑھ جاتا ہے کہ ان کے لیے اس سے چھٹکارہ حاصل کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو جاتا ہے۔ اگرچہ بالوں میں خشکی کا مسئلہ بہت عام ہے لیکن بعض اوقات یہ سماجی سطح پر شرمندگی کا سبب بھی بن جاتا ہے۔ ایسے میں متاثرہ افراد، ڈاکٹر کے چکر کاٹنے کے ساتھ ساتھ مختلف ٹوٹکے آزماتے نظر آتے ہیں۔
نمٹنے کا طریقہ
آپ اپنے حلقہ احباب میں یقیناً ایسے لوگوں کو ضرور جانتے ہوں گے، جنھوں نے بالوں میں خشکی کے باعث سماجی تقریبات میں جانا اور لوگوں سے ملنا جلنا کم کر دیا ہے کیونکہ وہ خشکی کی وجہ سے شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ تاہم، حقیقت یہ ہے کہ ڈینڈرف سے خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیوں کہ اس سے نمٹنے کے کچھ مؤثر طریقے دستیاب ہیں۔
بالوں کی خشکی ایک فنگس (Fungus)کے باعث پیدا ہوتی ہے، جسے مالاسیزیا گلوبوسا کہتے ہیں۔ یہ فنگس ہماری جِلد اور ہمارے بالوں کا تیل جذب کر لیتا ہے لیکن جب یہ ایسا کرتا ہے تو ساتھ ہی یہ اولئیک ایسڈ پیدا کرتا ہے جس کی وجہ سے ہماری جِلد پر خارش ہو سکتی ہے۔ کچھ لوگوں میں یہ مدافعتی عمل کو کم کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے سر کی خشک جلد نکلنے لگ جاتی ہے۔
فضائی آلودگی اسے مزید خراب کرتی ہے جبکہ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعیں اس کیفیت کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ ایسی صورتحال میں سر کی خشکی سے نجات حاصل کرنے کے لیے سر پر تیل لگانا بالکل بھی اچھا نہیں، تاہم کچھ کیمیکلز ایسے ہیں جن کی مدد سے اس کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ سب سے زیادہ مؤثر اینٹی فنگل کیمیکلز ہیں۔
اینٹی فنگل شیمپو
اگرچہ آپ محسوس کر سکتے ہیں کہ اینٹی فنگل شیمپو کا اثر کچھ عرصے بعد نہیں رہتا۔ اس لیے آپ کو وقتاً فوقتاً ان کو دوبارہ استعمال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سیلی سائلک ایسڈ پر مشتمل شیمپو بھی خشکی سے چھٹکارا پانے میں مدد کرسکتے ہیں۔ ان کے علاوہ زنک یا سیلینیم پر مشتمل شیمپو بھی فنگس سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں خشکی سے نجات کے لیے کئی طرح کی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں۔
محققین نے مالاسیزیا کے جینیاتی کوڈ کو ترتیب دیا ہے اور اس کی مدد سے اس فنگس سے چھٹکارا پانے کے لیے مزید مؤثر ادویات تیار کرنے کا کام جاری ہے۔ عام طور پر گہرے رنگ کے بالوں میں خشکی کے فلیکس واضح طور پر نظر آتے ہیں جب یہ مسئلہ بڑھ جاتا ہے تو کندھوں پر بھی خشکی جھڑ جھڑ کے ظاہر ہونے لگتی ہے۔
ایسی صورتحال میں آپ کے سر میں خشکی محسوس ہو سکتی ہے اور آپ کو خارش بھی ہو سکتی ہے۔ اس کا آسان حل یہ ہے کہ کوئی بھی اچھا اینٹی ڈینڈرف شیمپو استعمال کریں۔ اس میں بھی آپ کو کئی طرح کے برانڈز مل جائیں گے۔ خشکی سے بچاؤ کے لیے آپ ایسے شیمپو خرید سکتے ہیں جن میں زنک پائیریتھیون، سیلیسیلک ایسڈ، سیلینیم سلفائیڈ،کیٹوکونازول، کول ٹار، وغیرہ جیسے کیمیکل ہوں۔
اگر خشکی کا مسئلہ بہت زیادہ ہے تو تقریباً ایک ماہ تک اینٹی ڈینڈرف شیمپو استعمال کرنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ چاہیں تو ایک سے زیادہ اینٹی ڈینڈرف شیمپو بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس سے آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ آپ کے بالوں کے لیے کون سا شیمپو بہتر ہے۔ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے خشکی نہیں بڑھتی لیکن یہ بات یقینی ہے کہ اگر آپ اپنے بالوں کو صاف نہیں رکھیں گے تو یہ زیادہ ظاہر ہونے لگتی ہے۔ ڈینڈرف کے خلاف چند مددگار ٹوٹکے پیشِ خدمت ہیں۔
سیب کے عرق کا سرکہ
بالوں کے ماہرین کا دعویٰ ہے کہ سیب کے عرق کا سرکہ، سر کی خشکی کا بہترین حل ہے کیونکہ اس میں پائی جانے والی تیزابیت سر میں ایسی تبدیلیاں لاتی ہے کہ وہاں خشکی کا پیدا ہونا مشکل ہوجاتا ہے۔ چوتھائی کپ سرکے کو چوتھائی کپ پانی سے بھری اسپرے بوتل میں شامل کرکے اپنے سر پر چھڑکاؤ کریں۔ اپنے سر پر تولیہ لپیٹ لیں اور پندرہ منٹ سے ایک گھنٹے تک آرام سے بیٹھ جائیں جس کے بعد سر کو معمول کے مطابق دھولیں۔ یہ عمل ہفتہ بھر میں دو بار کرنا خشکی کو ہمیشہ کے لیے بھگا دے گا۔
اسپرین
اسپرین ایسے اجزا (سیلی کائی لیک ایسڈ) سے بھرپور دوا ہے جو خشکی سے نجات دلانے والے بیشتر شیمپوز کا حصہ ہوتے ہیں۔ اسپرین کی 2 گولیوں کو پیس کر سفوف کی شکل دیں اور سر پر لگانے کے لیے جتنا شیمپو لیتے ہیں اس میں شامل کرلیں، اس مکسچر کو اپنے بالوں پر ایک سے دو منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر اچھی طرح دھولیں، اس کے بعد پھر سادہ شیمپو سے سر کو دھوئیں آپ اس کا اثر دیکھ حیران رہ جائیں گے۔
کھانے کا سوڈا
آپ کا باورچی خانہ اپنے اندر سر کی خارش اور خشکی ختم کرنے کی کنجی چھپائے ہوئے ہوتا ہے۔ بس اپنے بالوں کو گیلا کریں اور پھر اس میں مٹھی بھر کھانے کا سوڈا زور سے رگڑیں اور بالوں کو دھولیں۔ یہ سوڈا خشکی کا باعث بننے والے عناصر کو متحرک ہونے سے روکتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ سوڈے سے دھونے کے بعد پہلے آپ کے بال خشک محسوس ہوں مگر کچھ ہفتوں بعد آپ کے بال قدرتی تیل پیدا کرنے لگیں گے جس سے وہ نرم اور خشکی سے پاک ہوجائیں گے۔
ایلوویرا
اپنی خارش کو دور بھگانے کے لیے شیمپو سے پہلے ایلو ویرا کے تیل یا جیل کی مالش کریں۔ ایلو ویرا میں ٹھنڈک کا عنصر خارش سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ناریل کا تیل
ناریل کا تیل خشکی کا آزمودہ اور موثر علاج ثابت ہوتا ہے جبکہ اس کی مہک مزاج پر ناگوار نہیں گزرتی۔ نہانے سے پہلے تین سے پانچ چائے کے چمچ ناریل کے تیل سے سر کی مالش کریں اور ایک گھنٹے تک لگا رہنے دیں۔ اس کے بعد سر کو شیمپو سے دھولیں، اس کے علاوہ آپ ایسا شیمپو استعمال کرکے اس کی افادیت کو بھی دوگنا بڑھا سکتے ہیں جس میں ناریل کا تیل بھی استعمال ہوتا ہو۔
لیموں
خشکی سے نجات پانے کے لیے دو چائے کے چمچ لیموں کے عرق یا جوس کی مالش اپنے سر پر کریں اور پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد ایک چائے کا چمچ لیموں کا جوس ایک کپ پانی میں ملائیں اور اپنے سر کو اس سے بھگولیں۔
اس طریقہ کار کو روزانہ اس وقت استعمال کریں جب تک خشکی کا خاتمہ نہ ہوجائے۔ لیموں میں موجود تیزابیت آپ کے سر پر ہائیڈروجن کی سطح کو متوازن رکھتی ہے جس کے نتیجے میں خشکی کو دور بھاگنا پڑتا ہے۔
نمک
شیمپو سے پہلے عام نمک کو سر پر رگڑنا یا مالش خشکی کا خاتمہ کرنے میں زبردست کردار ادا کرسکتا ہے۔ نمک دانی سے کچھ مقدار میں نمک اپنے سر پر چھڑکیں اور پھر اسے بالوں میں پھیلالیں جس کے بعد کچھ دیر مالش کریں۔ تھوڑی دیر بعد سر کو شیمپو سے دھو کر حیرت انگیز اثر محسوس کریں۔
ماؤتھ واش
بہت زیادہ خشکی کا علاج چاہتے ہیں تو پہلے اپنے بالوں کو معمول کے شیمپو سے دھوئیں اور پھر انہیں ماؤتھ واش سے دھولیں جس کے بعد ہیئر کنڈیشنر کا بھی استعمال کریں۔ ماؤتھ واشنر میں پھپھوندی کو دور بھگانے والی خوبی خشکی کی روک تھام کرتی ہے۔
لہسن
لہسن کی پھپھوندی کی روک تھام کی خاصیت اسے خشکی کا باعث بننے والے بیکٹیریا کے خاتمے کے لیے بھی بہترین ثابت کرتی ہے۔ لہسن کو پیس کر اپنے سر پر مل لیں، اس کی بُو سے بچنے کے لیے اس پِسے ہوئے لہسن میں شہد بھی شامل کرلیں اور پھر سر کی مالش کریں جس کے بعد سر کو معمول کے مطابق دھولیں۔
زیتون کا تیل
رات کو زیتون کے تیل کی مالش کرکے سو جانا خشکی کا صدیوں پرانا ٹوٹکا ہے، زیتون کے تیل کے دس قطروں کو سر پر ٹپکا کر اس کی مالش کریں اور سر کو کسی ٹوپی یا تولیے میں لپیٹ کر سوجائیں۔ صبح اٹھ کر سر کو دھولیں کچھ دنوں میں خشکی آپ سے دور بھاگ جائے گی، تاہم فوری اثر چاہتے ہیں تو ایسے شیمپو کو ترجیح دیں جس میں زیتون کا تیل بھی شامل ہو۔
مفید غذائیں
بالوں کی خشکی سے بچنے کے لیے غذائیت بھی اہمیت رکھتی ہے۔اس سلسلے میں مفید غذاؤں میں گاجر کھانا مفید رہتا ہے۔ گاجر میں موجود بیٹا کیرٹین بالوں کو نرم اور چمکدار رکھتا ہے، اور گاجر میں موجود وٹامن اے اور ای بالوں کی نشوونما کو فروغ دینے اور جڑوں کو مضبوط کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
سبز مٹر میں آئرن، زنک اور بی وٹامنز شامل ہیں۔ یہ صحت مند بالوں کے لیے ضروری ہیں۔ انڈوں میں پروٹین اور بایوٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، یہ بالوں کو گھنا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔