کوئٹہ (آن لائن) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبد المالک اور صوبائی رابطہ کمیٹی کے ارکان مولانا محمد عالم لانگو ڈاکٹر اسماعیل بلیدی ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کھوسہ ودیگر نے بیان میں کہا ہے کہ آٹے کی قیمت میں غیر معمولی کمی کے باوجود عوام کو روٹی پرانی قیمت پر مل رہی ہے اور بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آئی ،پرائس کنٹرول کمیٹی کے طے شدہ ریٹ کے مطابق روٹی کی قیمت میں دس روپے کمی کرکے روٹی کا وزن بھی گرا دیا گیا۔ تندور ایسوسی ایشن باقاعدہ عوام دشمن مافیا کا شکل اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ اور کوئٹہ خضدار، ژوب، جیکب آباد، چمن، لورالائی روٹس پر چلنے والی گاڑیوں اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے کرائے جوں کے توں ہیں ۔ منافع خوری کی روک تھام اور قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے اقدامات اگرچہ لائق تحسین مگر ناکافی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کو موثر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔