وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کے اسپین کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسپین کا فلسطین کی حقیقت تسلیم کرنا عالمی منظرنامے پر مثبت پیش رفت ہے، اسپین کے وزیرِ اعظم اور عوام نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم، غاصبانہ عزائم کو اس فیصلے سے مسترد کر دیا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز رفح میں اسرائیل کی بلااشتعال بم باری سے مزید 45 فلسطینی شہید ہوئے، فلسطین میں جاری اسرائیلی نسل کشی کو ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی آزاد فلسطین اور بیت المقدس کو بطور دارالخلافہ قیام تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ فلسطین پر مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، امن کا قیام ہم سب کی ذمے داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطین کو تسلیم کرنا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے، فلسطین کو تسلیم کرنا تاریخی لمحہ ہے۔