• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی رہنما حملے کیلئے پھر ذہن سازی کررہے ہیں، حنیف عباسی


مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں پر حملے سے پہلے ایک بار پھر ذہن سازی کا الزام لگا دیا۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان اور ترجمانوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں حنیف عباسی نے کہا کہ اوئے زیبا جج کہنے والے آج عدلیہ کے محافظ بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کے بیان اور ترجمانوں کی پریس کانفرنسیں ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ ہے، یہ حملے سے پہلے ایک بار پھر ذہن سازی کر رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں روزانہ جھوٹی کہانیاں پھیلانے کا مقصد بانی پی ٹی آئی کے لیے این آراو کا حصول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ترجمان سیاسی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو داؤ پر لگا رہے ہیں، عدالتی احاطے میں مارکٹائی، تشدد اور گالی کا بھی کوئی نوٹس ہونا چاہیے۔

حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ لیڈر جیل میں مزے سے سائیکل چلا رہا ہے اور دیسی مرغیاں کھا رہا ہے جبکہ ترجمان مظلومیت کے ڈرامے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو کال کوٹھڑیوں میں رکھنے والا خود شاہانہ طریقے سے جیل میں تمام سہولیات سے محظوظ ہو رہا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سوال تو یہ ہے کہ اعلیٰ مثالیں دینے والا گھڑی چوری، 190 ملین پاؤنڈ، 460 ارب کے ڈاکے، سائفر اور عدت کا حساب دینے سے کیوں بھاگ رہا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کریں گے تو مقدمہ تو بنے گا، خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچیں گے تو مقدمہ تو بنے گا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ بات نہ کرے تو حملہ، عدالت بلائے تو جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ، شہدا کی یادگاروں، قومی تنصیبات پر حملہ، اوئے زیبا جج کہنے والے آج عدلیہ کے محافظ بن گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید