کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ اصل بحران پاکستان میں نہیں ہے اصل بحران پی ٹی آئی کے اندر ہے،شیر افضل مروت کو سائڈ لائن کردیا، پارٹی کے اندر ایک فیکٹس اینڈ کیری ہے کہ پاکستان کو توڑنا ہے،1971ء کے حالات ہیں اور عمران خان شیخ مجیب ہیں، وہ سارا بیانیہ کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں چل رہا ہے، ہمیشہ سے انکے قول و فعل میں تضاد رہا ہے،سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ نریندر مودی کی بڑی ترجیح بھارت کو ہندو ریاست بنانا ہے، وہ اقلیتوں کیلئے زمین مزید تنگ کرینگے، سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے کہا تلخی بڑھی ہے مگر ذمہ دار پی ٹی آئی کے ساتھ ساتھ عدلیہ بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عطاء تارڑ نے کہا پی ٹی آئی نے ہمیشہ جو بات کی ہے اس کے برعکس عمل کیا، انکے آپس کے تضادات ہیں اور آپس کی محاذ آرائی کھل کر سامنے آرہی ہے۔ایک پارٹی ہے جو اپنے اندر ہی تضادات کا مجموعہ ہے ۔جو کبھی کہتی ہیں ہم آپ سے بات نہیں کرینگے ہم فلاں سے کریں گے۔ کبھی کہتے ہیں ہم فلاں سے نہیں کرینگے ہم بات کریں گے ہی نہیں، آپ کو بات کی پیشکش کس نے کی ہے۔