کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 16 سال سے مسلسل سندھ میں حکومت کررہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے اور عوام کے تحفظ کے لیے کچھ نہیں کیا، جوان سال حافظ قرآن انجینئر اتقا معین کو شہید کیا گیا۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاکردگی سوالیہ نشان ہے کہ وہ کیا کررہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے گلشن اقبال میں بائیک چھیننے پر مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید نوجوان انجینئر حافظ اتقا معین کی رہائش گاہ جا کر ان کے بھائی عمر معین، عثمان معین،عباد معین اور نافع معین و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی،سندھ حکومت و پولیس کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی،ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر ضلع شرقی شاہد ہاشمی، ٹائون چیئر مین گلشن و سکریٹری ضلع ڈاکٹر فواد، وائس ٹائون چیئر مین ابراہیم صدیقی، نائب امیر ضلع شرقی نعیم اختر ودیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی 16 سال سے مسلسل سندھ میں حکومت کررہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے اور عوام کے تحفظ کے لیے کچھ نہیں کیا۔پہلے ہی شہری مسائل کا شکار ہیں ۔