کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ خفیہ ایجنسیاں، بیوروکریسی اور آدھی عدلیہ بھی ہمارے خلاف تھی۔ بھارت کے کمزور لوگ بھارتی آئین کو بچانے کے لیے کھڑے ہوئے۔
نئی دلی میں کانگریس ہیڈکوارٹرز میں پارٹی صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ یہ چناؤ ہم نے بھارت کے پورے گورننس کے خلاف لڑا ہے۔ ہماری لڑائی بھارت کے آئین کو بچانے کیلئے تھی۔
راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں کیں، نئی دلی کے وزیراعلیٰ کو جیل میں ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ الیکشن صرف بی جے پی کیخلاف نہیں بلکہ پوری ریاستی مشینری کیخلاف لڑے۔
کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیاں، بیوروکریسی اور آدھی عدلیہ بھی ہمارے خلاف تھی۔ بی جے پی نے پارٹیاں توڑیں، وزرائے اعلیٰ کو جیلوں میں ڈالا اور ہر ہتھکنڈا استعمال کیا۔
راہول گاندھی نے کہا کہ بھارت کو بچانے کا کام غریب لوگوں، مزدوروں، کسانوں نے کیا ہے۔ بھارت کے کمزور لوگ بھارتی آئین کو بچانے کے لیے کھڑے ہوئے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم اپنے ساتھیوں سے میٹنگ کے بعد کسی جماعت سے اتحاد کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ جب تک ہم اپنے اتحادی ساتھیوں سے بات نہیں کریں گے مستقبل کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے۔