واشنگٹن، غزہ (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ روز شائع ہونے والےامریکی جریدے ٹائم میگزین کو ایک انٹرویو میں بنجمن نیتن یاہو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم اپنی سیاسی بقاکے لیے غزہ کی جنگ کو طویل کررہے ہیں۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری میں مزید 71فلسطینی شہید ہوگئے ، حماس کا کہنا ہے کہ انہوں نے شمالی غزہ سٹی میں ایک درجن اسرائیلی فوجیوں کو جال میں پھنسا کر راکٹ حملے کا نشانہ بنایا ہے جبکہ ان کی مدد کو پہنچنے والے ایک مرکا وا ٹینک پر بھی میزائل داغے ہیں ۔
اسرائیلی فوج نے بوریج کیمپ میں بھی زمینی آپریشن شروع کردیا ہے ، امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کیساتھ مل کر جنگ بندی کی نئی تجویز پر کام کررہے ہیں ، امریکا ، قطر اور مصر نے اسرائیل اور حماس پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی امریکی تجویز پر عملدرآمد کو ممکن بنائیں ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ تنازع کے بعد غزہ کے مستقبل کے بارے میں نیتن یاہو کے ساتھ ان کا بڑا اختلاف ہے، اور کہا کہ جنگ کے دوران اسرائیل نامناسب طرز عمل میں مصروف تھا۔