وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر کو 1 ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی درخواست پر ایک ارب ڈالر کا ڈپازٹ میچورٹی سے قبل رول اوور ہو جائے گا، وزیراعظم کی جانب سے یو اے ای کے صدر کو خط لکھنے کیلئے وزارت خزانہ نے ورکنگ مکمل کرلی ہے۔
ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق ایک ارب ڈالر سیف ڈپازٹ رول اوور کرانے کیلئے یو اے ای کے حکام سے بات چیت جاری ہے، اس حوالے سے یو اے ای کے صدر کو جو خط لکھا جائے گا اس میں تعاون کا شکریہ ادا کیا جائے گا، خط میں یو اے ای حکام کو 1 ارب ڈالر کو موجودہ شرائط پر رول اوور کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورۂ چین سے واپسی پر یو اے ای کو 1 ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے کی درخواست کریں گے، متحدہ عرب امارات نے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر مرکزی بینک میں ڈپازٹ کرائے ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ 2 ارب ڈالر جنوری میں ایک سال کیلئے رول اوور ہوچکا جبکہ 1 ارب ڈالر آئندہ ماہ رول اوور کرایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 3 ارب ڈالر کے سیف ڈپازٹ پر مختلف شرح سود کے لحاظ سے منافع ادا کیا جاتا ہے، 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ پر 3 سے 6.5 فیصد تک مختلف شرح سود عائد ہے۔