• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اوورسیز فورم کا مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ہے، مقررین

لندن (سعید نیازی) پاکستان اوورسیز فورم کے چیئرمین شاہد رضا رانجھا نے کہا ہے کہ فورم کا بنیادی مقصد بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ اور پاکستان میں درپیش مسائل کو حل کرنا ہے۔ وہ لندن میں فورم کے کنونشن کے موقع پر روزنامہ جنگ لندن سے گفتگو کررہے تھے۔ کنونشن میں کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شاہد رضا رانجھا کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے علاوہ مقامی سطح پر رفاعی کاموں پر بھی بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمینوں پر قبضے کے حوالے سے خاطر خواہ خدمات سرانجام دی جارہی ہیں۔ ہم نے ماہر وکلا کی خدمات حاصل کی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا علاقہ منڈی بہاء الدین کریم کا ہم نے قبضہ فری کرالیا ہے اور ہم کہتے ہیں کہ اگر ہم معتمد ہوں گے تو مسائل سے احسن طور پر نمٹ سکیں گے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل ہوں گے تو وطن عزیز میں سرمایہ کاری بھی بڑھے گی۔ وائس چیئرمین غلام مصطفی دیوان نے کہا کہ کنونشن کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کوا ن کے حقوق کے بارے میں آگاہ کرنا اور ان کے تحفظ کی یقین دہانی کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانیوں کے مفادات کا تحفظ ہمارا موقف ہے، جہاں جہاں پاکستانی رہتے ہیں، ہم ان کی آواز ہیں۔ فورم کے برطانیہ و یورپ کے چیف آرگنائزر شعیب گوندل نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے جس فورم کا آغاز کیا تھا اس کی شاخیں آج40سے زائد ممالک میں موجود ہیں اور ان ممالک میں تمام عہدیدار منتخب ہوکر آئے ہیں۔ بنیادی مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی زمینوں پر قبضے کے حوالے سے ریلیف دلانا تھا اور اب اس کا دائرہ کار پورے پنجاب کی حد تک پھیلا رہے ہیں اور ہمارا یہ دعویٰ ہے کہ ہم ایک سال میں زمینوں پر قبضے کے مسائل حل کردیں گے اور اس ضمن میں تمام خدمات مفت ہیں اور اب تک ہم ساڑھے تین سو سے زائد زمینوں پر قبضے چھڑا بھی چکے ہیں۔ لیوشم کے میئر کونسلر توصیف انور کا کہنا تھا کہ منڈی بہاء الدین پاکستان کا واحد ڈسٹرکٹ ہے جہاں کسی اوورسیز پاکستانی کی زمین پر کوئی قبضہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور قبضہ گروپ کے مسائل کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے، جن سے نمٹنے کے علاوہ فورم ویلفیئر کے متعدد کام بھی سرانجام دے رہا ہے۔ بیرسٹر گل نواز نے کہا کہ فورم نے متعدد فلاحی منصوبے بھی شروع کر رکھے ہیں جن میں نوجوانوں کو بلا سود قرضے کی فراہمی اور صاف پانی کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قبضہ مافیا سے نمٹنے کے لیے فورم فعال کردار ادا کررہا ہے اور اس نے اپنے علاقے سے ان مسائل کو تقریباً ختم کردیا ہے۔ فورم کے برطانیہ میں صدر ساجد عباس چدھڑ نے کہا کہ منڈی بہاء الدین میں اووررسیز پاکستانیوں کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک آفس قائم کیا گیا ہے جس میں وکلا کی ایک ٹیم لوگوں کے مسائل سے نمٹنے کیلئے مفت خدمات فراہم کرتی ہے۔ اس موقع پر چوہدری دل پذیر نے سیف الملوک کے اشعار ترنم کے ساتھ سنائے۔ نظامت کے فرائض چوہدری تبریپزعورہ نے سرانجام دیئے۔ پاکستان سے آئے فورم کے عہدیداروں نے شرکاء کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیئے اور انہیں اپنے تعاون کا مکمل یقین بھی دلایا۔
یورپ سے سے مزید