• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتّب: طلعت عمران

امسال عیدالاضحی اور ’’فادر زڈے‘‘ ساتھ ساتھ آنے کے پیشِ نظر قارئین کو ان اہم مواقع کی مناسبت سے اپنے پیاروں اورمربّی و سرپرست ، والد کے نام ایک ساتھ پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا گیا، جس کے جواب میں باپ کی محبّت و شفقت، ہمّت وحوصلے ، قربانیوں، مہربانیوں کے اعتراف اور اپنے کچھ خاص الخاص رشتوں کے لیے بقرعید کی مبارک باد پر مبنی لاتعداد پیغامات موصول ہوئے۔ 

چُوں کہ تمام پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہیں، تو ہم انہیں مرحلہ وار شائع کیے دے رہے ہیں۔ لیجیے، آج ملاحظہ فرمائیں، اس سلسلے کی پہلی اشاعت۔

( والد مرحوم کے نام)

اس دُنیا میں والد وہ واحد ہستی ہے، جو اپنی اولاد کو خود سے زیادہ کام یاب دیکھنا چاہتی ہے۔ ہمارے والد نے ہمیں زندگی جینے کا ڈھنگ سکھایا اور قدم قدم پر ہماری رہنمائی کی، لیکن قدرت نے اُنہیں زیادہ مہلت نہیں دی اور وہ ہمیں زندگی کی ان جانی راہوں میں تنہا چھوڑ گئے۔ اللہ تعالیٰ میرے والدِ مرحوم کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ( لیاقت مظہر باقری،گلشنِ اقبال، کراچی کااظہارِعقیدت)

(بابا کے لیے)

یوں تو باپ اپنی ساری اولادہی پر جان چھڑکتا ہے، لیکن بیٹیاں باپ کی کچھ زیادہ ہی لاڈلی ہوتی ہیں۔ میرے بابا نے بچپن ہی سے مُجھے اتنا اعتماد دیا کہ کٹھن لمحات میں بھی خود کو کم زور محسوس نہیں کیا۔ چار سال کی عُمر میں مُجھے کندھوں پر بٹھا کر کعبۃ اللہ کا طواف کروانے والے میرے پیارے بابا کو فادرزڈے بہت بہت مبارک ہو۔ (آمنہ بنتِ ڈاکٹر مہر مشتاق احمدکا پیغام)

( والد اور اہلِ وطن کے نام)

عید الاضحی ہمیں سُنّتِ ابراہیمیؑ پر عمل پیرا ہوتے ہوئےایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنے کا درس دیتی ہے۔ میری طرف سے تمام اہلِ وطن کو دل کی گہرائیوں سے بقرعید مبارک ہو اور میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے والدکوایمان وتن درستی کی حامل طویل زندگی عطا فرمائے۔ (نعمت جاوید ، کوئٹہ کی تمنّا)

(پیارے پاپا، عمران خالد کے نام)

پاپا جانی! آپ میری زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہیں۔ اللہ ربّ العزّت آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔آپ کو ’’عالمی یومِ والد‘‘ بہت بہت مبارک ہو۔ (ماہم عمران، گلستانِ جوہر، کراچی سے)

(تمام پیاروں کے نام)

اللہ تعالیٰ میرے پیاروں کو ایسی اَن گنت خوشیوں بَھری عیدیں نصیب فرمائے۔ (قاسم عبّاس ، ٹورنٹو ، کینیڈا کا خلوص)

(پیارے ابُّو جان اور اہلِ خانہ کے لیے)

ابّو جان! آپ کے دَم سے ہمارے گھر کی رونق برقرار ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ خوش باش رکھے۔میری طرف سے آپ ،امّی جان، چھوٹی بہن اور میری ہونے والی شریکِ حیات کوعید الاضحی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ (محمد عُمر اسرار، بھکر کی دُعا، مبارک باد)

(اہلِ اسلام اور والد مرحوم کے نام)

عیدِ قرباں کا فلسفہ یہ ہے کہ اپنی تمام تر خواہشات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حکمِ ربّانی کے آگے سرِ تسلیم خم کیا جائے۔ میری طرف سے تمام عالمِ اسلام کو عیدالاضحی مبارک ہو۔ اور والدکی عظمت سے متعلق چند اشعار بھی پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ؎ ہر ایک درد وہ چپ چاپ خود پہ سہتا ہے… تمام عُمر وہ اپنوں سے کٹ کے رہتا ہے… وہ لوٹتا ہے کہیں رات دیر کو، دن بھر… وجود اس کا پسینے میں ڈھل کے بہتا ہے… گِلے ہیں پھر بھی مُجھے ایسے چاک داماں سے… یہ بات سچ ہے، مِرا باپ کم نہیں ماں سے۔اللہ تعالیٰ میرے والد کے درجات بلند فرمائے ۔( آمین) (اقبال شاکر، بلال شاکر، محمد رمضان، میاں والی)

(اہلیہ شازیہ عمران کے نام)

میری دُعا ہے کہ آپ کا ہر دن عید کی مانند ہو اور آپ پرسدا خوشیوں کی برکھا برستی رہے۔ میری طرف سے آپ کو عیدِ قرباں بہت بہت مبارک۔ (عمران خالد خان، گلستانِ جوہر، کراچی کا پیغام)

(تمام پاکستانیوں اور والد مرحوم کے لیے)

کڑے،نامساعد حالات کا جواں مَردی سے مقابلہ کرنے والے تمام پاکستانیوں کو میری طرف سے عید الاضحی مبارک ہو، جب کہ فادرز ڈے کے موقعے پر مَیں اپنے والدِ مرحوم کوان الفاظ سے خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں کہ وہ ہمارے لیے ایک ایسے گھنے، سایہ دار شجر کی مانند تھے، جو خود دُھوپ میں جل کر دوسروں کو راحت فراہم کرتا ہے۔ اللہ پاک میرے والد کو جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (شہلا الیاس، کراچی کا پیغام)

(اُمّتِ مسلمہ اور والد مرحوم کے نام)

عید الاضحی ہمیں اللہ تعالیٰ کے راستے میں اپنی محبوب ترین شے قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں عیدِ قرباں کو اُس کی اصل روح کے مطابق منانے کی توفیق نصیب فرمائے۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے والد ِگرامی، رانا محمد اکبر کو کروٹ کروٹ جنّت نصیب فرمائے۔ آج اگر وہ حیات ہوتے، تو اپنی اولاد کو ترقّی کرتا دیکھ کر بہت خوش ہوتے۔ (رانا علی رضا بلو، پاک پتن شریف کا پیغام)

(والد کے لیے)

باپ کی عظمت کے ادراک کے لیے تو یہ حدیثِ مبارکہؐ ہی کافی ہے کہ آپﷺ نے فرمایا، ’’والد کی دُعا اپنی اولاد کے حق میں رَد نہیں ہوتی۔‘‘ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے والدین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (خضر حیات، بشریٰ اور اقریٰ، کراچی سے)

(مفتی عبدالقادر پیر ملتانی خاصے والے کے نام)

اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے کہ دارالعلوم میں درس و تدریس، تربیت و پرورشِ اولاد، مریدین و معتقدین کی اصلاح و رہنمائی، زرعی رقبے کی دیکھ بھال اور دیگر بہت سے کام والدِ ماجد، مفتی عبدالقادر پیر ملتانی خاصے والے تنِ تنہا کیسے کرلیتے تھے۔ ہم تو یہ سوچتے رہ جاتے ہیں کہ دو دن کی زندگی میں کیا کیا کرے کوئی۔ آج مَیں جو کچھ بھی ہوں، سب اُن کا فیضانِ نظر اور مکتب دارالعلوم عبیدیہ رحمانیہ کے طفیل ہے۔ (ڈاکٹر ادیب عبدالغنی شکیل،قدیر آباد، ملتان کا اپنے والدِ گرامی کو خراجِ عقیدت)

(والد کی خدمت میں)

وہ مجھ کو سوئے ہوئے دیکھتا ہے جی بھر کے …نہ جانے سوچ کے کیا کیا وہ مُسکراتا ہے… مِرے بغیر ہیں سب خواب اُس کے ویراں سے… یہ بات سچ ہے، مِرا باپ کم نہیں ماں سے۔ (کرن اکبر، روہڑی کا پیغام)

(ابّو جان کے لیے)

ابّو جان! آ پ عید سمیت ہر خوشی کے موقعے پر ہمیں بہت یاد آتے ہیں -اللہ تعالیٰ آ پ کے درجات بلند کرے اور آپ کی مغفرت فرمائے ۔(آ مین) (ڈاکٹر زونیرا فیض ، سعید ،اعجاز،فیاض، الیاس اور کاشف کی دُعائے عقیدت)

( کشف خدیجہ کے لیے)

پیاری کشف خدیجہ! آپ نے اے لیول کے امتحان میں امتیازی مارکس حاصل کر کے اپنے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کیا ہے۔ آپ اور آپ کی فیملی کو اس کام یابی اور عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ اللہ تعالیٰ آپ کو مستقبل میں بھی بے شمار کام یابیاں و کام رانیاں نصیب فرمائےاور ملک و قوم کے لیے باعثِ فخر بنائے۔(آمین) (فوزیہ ناہید سیال، لاہو رکا اپنی پیاری دوست کی ہونہار بیٹی کے لیے پیغام)

(شفیق باپ کے نام)

وہ ہر فکر و غم سے آزاد ہو گیا…میرا باپ مُجھ سے ابدی جُدا ہوگیا…وہ شفقت بَھرا لہجہ، وہ بارُعب چہرہ…وہ مضبوط آسراخواب و خیال ہوگیا۔ (بنتِ نواب، کورنگی، کراچی کی طرف سے)

(امّتِ مسلمہ کے نام)

میری طرف سے پوری اُمّتِ مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید الاضحی کی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس دن کے صدقے فلسطینی مسلمانوں پر اپنا خاص رحم و کرم فرمائے۔ (محمد وجاہت علی راجپوت، سیال کوٹ کا پیغام)

(پیارے بابا جان کے لیے)

دُنیا کے سب سے اچّھے بابا جان! آپ کو فادرز ڈے اور عیدالاضحی بہت بہت مبارک ہوں۔ عید کی خوشیاں آپ کے بغیر ادھوری ہیں۔ آپ جلدی سے گھر آجائیں ، تاکہ ہم آپ کے ساتھ عید مناسکیں۔ (وجیہہ نعیم قریشی، عثمان آباد، حیدرآباد سے )

( ابّو جان ، قمرالحسن قمر مرحوم کے نام)

یہ کام یابیاں ،عزّت، یہ نام تم سے ہے… خدا نے جو بھی دیا ہے مقام ،تم سے ہے… تمہارے دَم سے ہیں، میرے لہو میں کِھلتے گُلاب… میرے وجود کا سارا نظام تم سے ہے… کہاں بساط ِجہاں اور مَیں کم سِن و ناداں… یہ میری جیت کا سب اہتمام ،تم سے ہے… جہاں جہاں ہے میری دشمنی، سبب مَیں ہوں… جہاں جہاں ہے میرا احترام ،تم سے ہے۔ (روزینہ خورشیدکے منظوم جذبات)

( ڈیڈی مرحوم کے نام)

ہمارے ڈیڈی ہم سے بہت پیار کیا کرتے تھے اور وہ ہماری ہر ضرورت کا خیال رکھتے تھے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (نیلم انور کی دُعا)

(والد کے نام)

سچ بتاؤں تو اب میکے جانے سے میرا دل بہت گھبراتا ہے۔ وہاں باقی سب کچھ ویساہی ہے، لیکن ابّو نہیں ہیں، جن کے بغیر میری زندگی ادھوری ہے۔تاہم، اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں کہ جانے والے لوٹ کر نہیں آ تے ،بس ان کی یادوں ہی کے سہارے جینا پڑتا ہے۔ اللہ تعالیٰ میرے پیارے والد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (شاہدہ ناصرکی جانب سے)

( استاد ِمحترم، محمد شاہ زیب صدیقی کے لیے)

ہمارے پیارے، مشفق اور علم دوست، استادِ محترم، محمد شاہ زیب صدیقی کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحی مبارک ہو۔ (وقاص علی قریشی ،حیدرآبادکا پیغام)

(والدِ گرامی کے نام)

ہمارے والد، کامران احمد خان ہمیں اچّھی تعلیم و تربیت مہیا کرنےکے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں۔ ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں اور اللہ سے ان کے لیے اجرِ عظیم کے طالب ہیں۔ (ایمان کامران اور عبدالرحمٰن کامران، مُرشد ٹاؤن، کھنّہ کاک، راول پنڈی کا پیغام)

( ناہید اختر کے نام )

جن راہوں سے تم گزرو…اُن راہوں کو بھی عید مبارک ۔ ( عدنان عباسی کراچی کی جانب سے )

(والدِ محترم کی خدمت میں)

ہمارے ابّو، حافظ عرفان احمد عمرانی ہمارے حقیقی سائبان ہیں۔ وہ اپنی تنگ دستی اور بیماری کوہماری ضروریات و خواہشات کی تکمیل میں کبھی رکاوٹ نہیں بننے دیتے،بلکہ ہماری خاطر ہمیشہ اپنی ضروریات تک قربان کرنے پر آمادہ رہتے ہیں۔ وہ روزانہ گھر سے دفتر اور دفتر سے گھر آنے کے لیے 8کلومیٹر پیدل سفر کرتے ہیں۔ ہماری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔(آمین) ( محمد عافیان احمد عمرانی،عفیفہ عمرانی،عافیہ عمرانی، رضوانہ عمرانی اور حافظ محمد عالیان احمد عمرانی ، ملتان کا اپنے والد کو خراجِ تحسین)

(پاک فوج، فلسطینی نوجوانوں اور والد مرحوم کے نام)

آج فلسطین کے عوام اور پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے سُنّتِ ابراہیمیؐ کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ فلسطینی مسلمانوں کو آزاد ریاست نصیب فرمائے اور پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے ہمیشہ کے لیے نجات دلائے۔ 

یومِ والد کے موقعے پر اپنے والد مرحوم حاجی محمد صدیق کھتری کو سلام پیش کرتا ہوں، جن کی ان تھک محنت ہی کی بدولت میں ایک معالج بننے میں کام یا ب ہوا۔ (ڈاکٹر شاہ جہاں کھتری، لکھنؤ سوسائٹی، کورنگی، کراچی سے)

(والد مرحوم کے لیے)

؎ ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے… بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ وَر پیدا۔ ہمارے والد، سیّد امتیاز حسین باقری حنفی ایڈوکیٹ اُن چند شخضیات میں سے ایک ہیں کہ جنہوں نے جس پیشے یا میدان میں قدم رکھا، اُس میں نمایاں کام یابی حاصل کی اور نام پیدا کیا۔ وہ ایک کام یاب وکیل، نام وَر سیاست دان، ادیب اور شاعر ہونے کے علاوہ نہایت شفیق و ہم درد باپ بھی تھے۔ 

انہوں نے اپنی گوناگوں مصروفیات کے باوجود اپنے بچّوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجّہ دی۔ گرچہ أُنہیں اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئے44سال کا طویل عرصہ گزر چُکا ہے مگر آج بھی لوگ اُنہیں بڑے خلوص و محبّت سے یاد کرتے ہیں اور اُن ہی کی وجہ سے ہمیں بھی عزّت و احترام دیتے ہیں۔ ﷲ تعالیٰ اُن کی مغفرت فرمائے اور روزِقیامت حضرت محمدؐ اور آلِ محمدؐ کے ساتھ محشور فرمائے۔( آمین) (سیّد اعزاز حسین باقری ایڈووکیٹ، کوئٹہ کا پیغام)

( فلسطینی باپوں کے نام)

اسرائیلی فوج کے حملوں میں زخمی اپنے لاچار، سسکتے بلکتے بچّوں کو گود میں سمیٹے اسپتالوں کی طرف بھاگتے فلسطینی باپوں کو دیکھ کر دل تڑپ اُٹھتا ہے اور اُن کی ہمّت و حوصلے پر رشک بھی آتا ہے، جب کہ ’’فادرز ڈے‘‘ پر مَیں اپنے والد کے لیے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر قائم رکھے۔ (عائزہ نـظام، کراچی کا خُوب صُورت پیغام)