وٹفورڈ(پ ر) پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سےاوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل ، الزہرہ اسلامک سینٹر وٹفورڈ اور کونسلرز فورم کے باہمی تعاون سے لندن کے نواحی علاقے وٹفورڈ میں نادرا سرجری کا انعقاد کیا گیا ۔ انتظامی کمیٹی نے نادرا سرجری کے تمام انتظامات رضا کارانہ خدمات سر انجام دیتے ہوئے کئے۔ کمیونٹی سے ایڈمن کی مد میں کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کئےگئے ، نادرا سرجری آرگنائزنگ کمیٹی کے امجد امین بوبی کوآرڈینیٹر OPWC کشمیر فورم ، سید اظہر شاہ، بیرسٹر کونسلر سہیل بشیر ، کونسلر آصف، سید شبیر شاہ ، سید ظفر شاہ اور کونسلر شیم بیگم نے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل ، انچارج کمیونٹی اینڈ قونصلر افیئرز اعجاز حسین اور مینجر نادرا لندن محمد آصف و نادرا ٹیم کا کمیونٹی کے معذور ، عمر رسیدہ اور بچوں سمیت خواتین کو ان کی دہلیز پر نادرا سہولیات کی فراہمی کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفارتخانے کی جانب سے ٹاؤن ٹو ٹاؤن نادرا سرجریز کے باقاعدہ انعقاد سے ایجنٹ مافیا کی بُری طرح حوصلہ شکنی ہوگی جس سے کمیونٹی نادرا آن لائن ایجنٹ مافیا کی لوٹ کھسوٹ سے محفوظ رہے گی۔ او پی ڈبلیو سی اور کونسلرز فورم کے رہنماکونسلرز قیصر چوہدری ، کونسلر محمد مسعود اور راجہ عدنان کا کہنا تھا کہ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، انچارج قونصلر اینڈ کمیونٹی افیئرز اعجاز حسین ، سی جی بریڈفورڈ زاہد جتوئی، سی جی مانچسٹر طارق وزیر ، سی جی برمنگھم سردار عدنان رشید اور سی جی گلاسگو نے اپنی تخلیقی کاوشوں سے نادرا ، پاسپورٹ ، ویزا ، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ، کاغذات کی تصدیق اور اپائنٹمنٹس کے حوالے سے کمیونٹی مسائل کے حل کو اولین ترجیحات میں شامل رکھتے ہوئے کمیونٹی کو درپیش مسائل سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے مثبت تبدیلیاں لا کر کمیونٹی کا اعتماد بحال رکھتے ہوئے ہائی کمیشن اور قونصلیٹس کا اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سے رابطہ مضبوط کیاہے جس کی کمیونٹی معترف ہے۔ دریں اثناء چیئرمین او پی ڈبلیو سی نعیم نقشبندی، مرکزی صدر حاجی عابد حسین ، ریاض کو ہمروی، چوہدری نثار، کونسلر امجد عباسی ، بیرسٹر طلعت عزیز ، راجہ تبریز ، رفاقت محمود اور صدر کشمیر فورم ساؤتھ ملک امیر کابل کا کہنا تھا کہ حج اسپانسر شپ سکیم 2024 میں لندن سفارتخانہ سمیت چاروں قونصلیٹس میں پاکستانی پاسپورٹ کی تجدید کا دیرینہ مسئلہ حل کر کے ہزاروں عازمین حج اوورسیز پاکستانیوں کو حج اسکیم کے تحت بذریعہ پاکستان حج سہولیات فراہم کرنے پر اوورسیز پاکستانیز اور برطانیہ بھر سے عازمین حج ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیتے ہیں، لندن سفارتخانہ سمیت چاروں قونصلیٹس میں تعینات پاسپورٹ عملہ کی لگن اور انتھک محنت کو بھی سراہتے ہیں۔