فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے حملے میں 8 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں، جن کی ہلاکت کی تصدیق اسرائیلی فوج نے کردی ہے۔
اسرائیلی فوج نے رفح میں حماس کے ملٹری ونگ کے ہاتھوں اپنے 8 فوجیوں کے مرنے کی تصدیق کردی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں ڈرون حملہ کیا ہے، جس میں القدس بریگیڈز کے رکن ابوخلیل شہید ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق القدس بریگیڈز کا کہنا ہے کہ ابو خلیل شام کی الاسود بریگیڈ کی شاخ کےلیے کام کرتے تھے۔
رفح پر اسرائیلی فوج کے زمینی، فضائی اور سمندر سے شدید حملے جاری ہیں، غزہ شہر میں مکانات پر بمباری بھی کی جارہی ہے، 24 گھنٹوں میں خواتین اور بچوں سمیت 40 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
القسام بریگیڈ کا کہنا ہے اسرائیلی حملوں سے دو اور اسرائیلی یرغمالی مارے گئے، رفح میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے اسرائیلی ٹینک پر میزائل حملے میں 8 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے رفح میں فلسطینیوں کے مکانات میں توڑ پھوڑ کی ویڈیو بنا کر ’غزہ میں تزئین و آرائش‘ کے نام سے پوسٹ کر دی۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا۔
یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک 37 ہزار 296 لوگ شہید اور 85 ہزار 197 زخمی ہوگئے ہیں۔