پشاور میں احتجاج اور جبری بجلی بحال کرانے والے پی ٹی آئی کے رکنِ صوبائی اسمبلی کے گرڈ اسٹیشن سے جانے کے بعد بجلی دوبارہ بند کر دی گئی۔
پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن سے لائن لاسز والے 10 فیڈرز پر زبردستی بجلی بحال کرائی گئی، جس سے پیسکو کو 26 لاکھ 40 ہزار روپے کا نقصان ہوا، لاسز والے 10 فیڈرز دوبارہ بند کر دیے گئے۔
خیبر پختون خوا اسمبلی کے رکن فضل الہٰی رات 11 بجے زبردستی بجلی بحال کرا کے گئے تھے۔
پشاور میں رحمٰن بابا گریڈ اسٹیشن سے بجلی بحال کرنے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
بجلی بحال کرنے والے سنی اتحاد کونسل کے ایم پی اے کو ایف آئی آر میں نامزد نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل پیسکو نے فضل الہٰی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کو خط لکھا تھا۔
لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے مشیرِ اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی فارم 47 کی حکومت عید پر بھی لوڈشیڈنگ ختم نہ کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ دفاتر، کارخانے، فیکٹریاں اور مارکیٹس بند ہیں پھر بھی ناروا لوڈشیڈنگ جاری ہے۔