• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر حسین اور اسد صدیقی، دوستی کو رشتہ داری میں تبدیل کرنے والے ہیں؟

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہدایت کار، اسکرپٹ رائٹر اور اداکار یاسر حسین نے ساتھی اداکار اسد صدیقی کے ساتھ اپنی گہری دوستی کو رشتہ داری میں تبدیل کرنے کا عندیہ دے دیا۔

حال ہی میں اداکارہ اقراء عزیز نے اپنے شوہر اور اداکار یاسرحسین کو فادرز ڈے کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انسٹا پوسٹ شیئر کی اور انہیں اپنے اہل خانہ کا ہیرو قرار دیا۔

انہوں نے اس کے ساتھ ہی اپنے بیٹے کبیر حسین اور یاسر حسین کے چند ان دیکھے یادگار لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

تاہم انسٹاپوسٹ کے کمنٹس میں تبصرہ کرکے اداکار اسد صدیقی سب کی توجہ کا مرکز بن گئے، انہوں نے کبیر حسین سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یار اس کبیر کا کیا کرنا ہے؟‘

اپنی حاضر دماغی اور بےساختہ چٹکلوں کے لیے شہرت رکھنے والے اداکار یاسرحسین نے اسد صدیقی کے تبصرے پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی ٹانگ کھینجنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا اور جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ لڑکی والے ہیں بتائیں کیا کرنا ہے کب حاضر ہو جائیں ہم‘۔

دونوں فنکاروں کے درمیان سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبادلے نے صارفین کو بھی لطف اندوز کیا اور وہ بھی اس میں شریک ہوگئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ مطلب رشتہ پکا؟، ایک اور صارف نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر پہلے ہی کسی اور نے کبیر کو اپنا داماد بنانے کا سوچ رکھا ہوا تو؟، جبکہ ایک صارف نے اسد صدیقی کی خاموشی کو انکار کا رنگ دے دیا۔

واضح رہے کہ اقرا عزیز اور یاسر حسین 28 دسمبر 2019 کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے، شادی کے ڈیڑھ برس بعد یعنی جولائی 2021 میں ان کے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی تھی۔

دوسری جانب اداکار اسد صدیقی اور زارا نور 2017 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، 2021 میں حمل کی پیچیدگیوں کے باعث ان کی پہلی اولاد انتقال کر گئی تھی۔ تاہم رواں سال 27 مارچ کو بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام انہوں نے ’نورِ جہاں‘ رکھا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید