• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، امداد کیلئے جمع فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری، مزید 35 شہید

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں امداد کیلئے جمع ہونے والے فلسطینیوں پر بمباری کردی ، 24گھنٹوں کے دوران مزید 35فلسطینی شہید ہوگئے ، اسرائیلی ٹینکوں ، ڈرون طیاروں اور لڑاکا طیاروں نے رفح کے مغربی علاقوں پر بمباری کی ہے ۔ اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفادی نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک فرعونی ریاست بن گئی ہے ،جس نے بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا اور شہریوں کو اندھا دھند قتل کیا اور اقوام متحدہ نے انہیں اسی لئے بلیک لسٹ کیا ہے۔ الصفادی نے یورپی یونین کے خارجہ امور اور سلامتی کی پالیسی کے اعلیٰ نمائندے جوزپ بوریل کے ساتھ ایک فون کال کے دوران اس بات پر زور دیا کہ متعدد بین الاقوامی رپورٹس کے ذریعے دستاویزی جنگی جرائم سے ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیل ایک فرعونی ریاست میں بدل گئی ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن اسرائیلی حکام کے ساتھ جنگ ​​بندی اور قیدیوں کی رہائی پر بات کریں گے ، اس دوران اسرائیل کی لبنان کے ساتھ سرحد کی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔مذاکرات میں اسرائیلی وزیر برائے اسٹریٹجک امور رون ڈرمر اور قومی سلامتی کے مشیر زاچی ہانیگبی بھی شرکت کریں گے۔ امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان بھی بعد میں واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی بات چیت میں حصہ لیں گے۔ حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ میں ایک اسرائیلی ٹینک کو سڑک کے کنارے "بڑے دھماکہ خیز" بم سے اڑا دیا، جس سے "اس کا عملہ ہلاک ہو گیا ہے"۔ حماس کے مزاحمت کار رفح شہر کے مغرب میں تل السلطان محلے کے قریب زمین کے نیچے نصب بارودی مواد سے "ایک درست گھات لگا کر حملہ کرنے میں کامیاب ہو گئے"۔ حماس نے ایک بیان میں کہا، "ہلاک فوجیوں کی باقیات اور ٹینک کے ملبے کو نکالنے کا آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔"شمالی غزہ میں، قسام بریجز نے پہلے کہا تھا کہ اس نے "دشمن کی کمانڈ اینڈ کنٹرول سائٹ پر [زیتون] پڑوس کے مشرق میں بھاری مارٹر سے گولہ باری کی، جس سے فوجیوں پر براہ راست حملہ کیا گیا"۔ اس میں مزید کہا گیا کہ جنگجوؤں نے "دو بلیک ہاک اور یاسور ہیلی کاپٹروں کو ہلاک اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے اترنے کا پتہ لگایا"۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر کسی بھی حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

دنیا بھر سے سے مزید