واشنگٹن ( جنگ نیوز) امریکاکے شام میں داعش کے 70 اہداف پر حملے، لڑاکا طیاروں، حملہ آور ہیلی کاپٹروں اور توپ خانے سے وسطی شام میں کارروائیاں، ٹرمپ کا کہنا تھا اپنے تین شہریوں کی ہلاکت کا بدلہ لیا ،امریکی وزیر دفاع نے بتایا کہ متعدد جنگجو مارے گئے، اردن کی فضائیہ کی شمولیت، شام کی حمایت کا دعویٰ، الشرع حکومت نے داعش کیخلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی افواج نے جمعے کے روز شام میں اسلامک سٹیٹ گروپ کے 70 سے زیادہ اہداف پر حملے کیے جسے صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے تین امریکیوں کی ہلاکت کی انتہائی سنگین انتقامی کارروائی قرار دیا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر اور انتہائی درست حملے کیے ہیں۔ یہ کارروائی ایک ہفتہ قبل پالمیرا میں دو امریکی فوجیوں اور ایک مترجم کی ہلاکت کے جواب میں کی گئی۔ ٹرمپ کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور کامیاب حملہ کیا گیا جس میں تمام اہداف کو درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔ واشنگٹن نے کہا کہ عسکریت پسند گروپ کے اکیلے بندوق بردار نے 13 دسمبر کو پالمیرا میں حملہ کیا جو یونیسکو کی فہرست میں قدیم کھنڈرات کا گھر تھا اور کبھی عسکریت پسند جنگجوں کے زیر کنٹرول تھا ، اس میں دو فوجیوں سمیت تین امریکی ہلاک ہوئے۔