• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوگل فارایجوکیشن کے ساتھ ڈیجیٹل انقلاب لارہے ہیں، وزیر تعلیم

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی دعوت پر گوگل فار ایجوکیشن کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وزیر تعلیم نے گوگل فار ایجوکیشن کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ڈیجیٹل لٹریسی میں اضافے کیلئے اہم حیثیت کا حامل قرار دیا اور کہا ہے کہ گوگل فار ایجوکیشن کے ساتھ ملکر صوبے میں ڈیجیٹل انقلاب لا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گوگل فار ایجوکیشن کے ساتھ وفاق اور صوبائی سطح پر تعلیمی معاہدے کر رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ گوگل فار ایجوکیشن کے تعاون سے نوجوانوں اور اساتذہ کو آئی ٹی سکلز سکھائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 50 ہزار اساتذہ اور 3 لاکھ طلباء گوگل سرٹیفائیڈ کورسز کریں گے رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ گوگل سرٹیفائیڈ ہونے سے نہ صرف اساتذہ کی پیشہ ورانہ اہمیت میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ کورسز کر کے طلبہ انٹرنیشنل مارکیٹ کا مقابلہ بھی کر سکیں گے ۔ ٹیکنالوجی کو اپنائے بغیر تعلیمی بحران حل نہیں ہو سکتا۔ گوگل فار ایجوکیشن پاکستان کی تعلیمی ترقی کا باعث بنے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ گوگل فار ایجوکیشن طلبہ و اساتذہ کو ڈیجیٹل ٹولز تک رسائی میں بھی معاونت دے گی اور سمارٹ کلاس رومز کے سلسلے میں تعاون کرے گی۔