ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں منشیات اسمگلروں کیخلاف گرفت سخت کردی گئی، ملک کے مختلف شہروں اور خطوں میں کارروائیاں جاری، پاکستانی شہریوں سمیت کئی افراد گرفتار، ملزمان میں 5پاکستانی اور 4یمنی شہری شامل، ممنوعہ گولیاں اور بڑی تعداد میں منشیات برآمد۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے جدہ گورنری میں دو پاکستانی شہریوں کو 4.7کلو گرام منشیات فروخت کرنے پر گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ دونوں منشیات کی میتھیم فیٹامین(شبو)کو پھیلانے میں ملوث تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق اسی وقت طائف گورنری میں اسپیشل روڈ سیکورٹی فورس نے پاکستانی شہریت رکھنے والے مزید 3 باشندوں کو گرفتار کیا۔ ان سے بھی نشہ آور شبو برآمد کی گئی جو انہوں نے گاڑی میں چھپا رکھی تھی۔ شبو سے نمٹنے میں پیش رفت کے حوالے سے گزشتہ دو روز میں سعودی عرب نے ریاض میں26کلو گرام منشیات میتھیم فیٹامین (شبو) فروخت کرنے پر پاکستانی شہریت کے حامل دو باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ شابو مرکزی اعصابی نظام کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کرتی ہے۔ دماغ میں خوشی سے منسلک ایک کیمیکل برف کی طرح کے چھوٹے کرسٹل یا سفید پاڈر کی شکل میں آتا ہے۔ اس سے ایسا احساس پیدا ہوتا ہے جس سے صارف پراعتماد اور توانا محسوس کرتا ہے۔