لاہور(آصف محمود بٹ ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کو آگے بڑھانے میں اپنے پروبیشنری افسران کے کردار کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستان پلاننگ اینڈ مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد میں ایک اہم سیمینار کی میزبانی کرے گی۔ اکیڈمی 8جنوری کو ہونے والےسیمینار میں افسران کے منفرد پروگرام ’’خدمت الناس (کن)‘‘سوسائٹیز کے ذریعے شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کی نمائش کرے گی، ان سوسائٹیوں کا مقصد نوجوان افسروں کو صحت عامہ، ماحولیاتی پائیداری، ثقافتی ورثہ اور تعلیم جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے کمزور طبقوں کے ساتھ براہ راست کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے ،یہ پروگرام افسران کیلئے کمیونٹی سروس میں حصہ لے کر عوامی قدر پیدا کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان سوسائٹیز اور افسران کے گروپس کا فوکس معاشرے میں صحت عامہ، بین المذاہب ہم آہنگی، تعلیم، جانوروں کی بہبود، اور ماحولیاتی تحفظ پر مرکوز ہوتا ہے، سوسائٹیز میں پبلک ہیلتھ سوسائٹی، اسپیشل ایجوکیشن سوسائٹی، انوائرنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ سوسائٹی، اور آئی سی ٹی سوسائٹی نمایاں طور پر شامل ہیں۔ سیمینار میں ’’اڑان پاکستان نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان‘‘ کیلئے پاکستان کے وسیع تر عزم کی بھی عکاسی ہوگی جس کا مقصد سماجی انصاف اور مساوات ، جامع ترقی کو فروغ دینا، ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنا اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے۔