پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو تبدیل کر دیا گیا، کرکٹ بورڈ نے محمد وسیم کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سابق ٹیسٹ بولرز عبدالرحمٰن اور جنید خان بالترتیب اسپن بولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔
آئندہ ماہ ہونے والے اے سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2024 کے سلسلے میں پاکستان ویمن ٹیم کا 4 روزہ ٹریننگ کیمپ بدھ کے روز حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوگیا۔
ویمن نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں 28 کرکٹرز کو مدعو کیا ہے، کمیٹی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔
ویمن کھلاڑی جمعے کو بھی نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی جبکہ وہ جمعرات اور ہفتے کے روز معین خان کرکٹ اکیڈمی میں دو ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچز کھیلیں گی۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمن ایشیا کپ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت نیپال اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے، ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ 21 اور 23 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔
عالیہ ریاض، انوشہ ناصر، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، دعا ماجد، ایمان فاطمہ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، حمنہ بلال، ارم جاوید، ماہم منظور، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، قرۃ العین، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، یسری عامر، ام ہانی اور وحیدہ اختر کیمپ میں شریک ہوئی ہیں۔
حنا منور (منیجر)، محمد وسیم (ہیڈ کوچ)، عبدالرحمٰن (اسپن بولنگ کوچ)، جنید خان (اسسٹنٹ کوچ)، حنیف ملک (فیلڈنگ کوچ)، رابعہ صدیق (فزیو)، ولید احمد (انالسٹ) جبکہ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کا اعلان ابھی ہونا ہے۔