• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکسپورٹرز پر IMF دباؤ پر ٹیکس لگایا، FBR کے کرپٹ مافیا کو فائدہ ہوگا، خواجہ آصف

کراچی (ٹی وی رپورٹ ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایکسپورٹرز پر جو آئی ایم ایف کے دباؤ پر ٹیکس لگایا گیا ہے اس سے ایف بی آر کے کرپٹ مافیا کو فائدہ ہوگا ، ایکسپورٹرز ڈیڑھ فیصد ٹیکس دینے کوتیار تھے لیکن حکومت پرآئی ایم ایف کا دباؤ تھا، اب لوگ چور راستے ڈھونڈیں گے اور پاکستان ریونیو سے محروم ہوگا، معاشی خودمختاری کے بغیر ملک پوری طرح خودمختار نہیں ہوسکتا، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کالونیل ازم کی ماڈرن شکل ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےنئے بجٹ پر کھل کر اعتراضات کا اظہار کردیا

خواجہ محمد آصف نے کہا ایکسپورٹرز پر جو آئی ایم ایف کے دباؤ پر ٹیکس لگایا گیا ہے اس سے ایف بی آر کے کرپٹ مافیا کو فائدہ ہوگا پروگرام کیپٹل ٹاک میں وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا بجٹ میں یہ ٹیکس آئی ایم ایف کے دباو پر لگایا گیا ہے آئی ایم ایف پاکستان کی خودمختاری کے لیے خطرہ ہے ۔ 

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتیں بین الاقوامی سطح پر بڑھی ہیں اس لئے بڑھائی ہیں، عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوں تو ہم کم بھی کرتے ہیں، عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا ہوگا تو سستا کردیں گے،وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کو پچھلے دو سال میں معیشت کو صحیح سمت میں ڈالنے کا خاطر خواہ موقع نہیں ملا،ایسے اقدامات کرنا پڑرہے ہیں جو عوام پر بھاری ثابت ہورہے ہیں

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ایف بی آر پر تنقید کی، جب تک کرپشن کا کلچر ختم نہیں ہوگا معیشت ترقی نہیں کرے گی، کرپشن کلچر کی جڑیں اتنی گہری ہیں کہ اسے اکھاڑنا جان جوکھوں کا کام ہے، ہمارے پاس پیسے ہیں مگر یہ عوام کے بجائے لوگوں کی جیبوں میں منتقل ہوجاتے ہیں۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ اور ایوی ایشن منسٹری میں اربو ں روپے کی کرپشن ہورہی ہے، غلام سرور کے ایک بیان کی وجہ سے ہماری پروازوں کے روٹس بند ہوئے، روٹس بند ہونے کی وجہ سے ہمیں اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے، غلام سرور خان قومی مجرم ہے ان کے خلاف مقدمہ چلنا چاہئے، حکومت اس پر مقدمہ نہیں چلاتی تو سراسر زیادتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید