• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد دہشتگردی عدالت: علی امین گنڈاپور کے وارنٹ، تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ 

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ سنگجانی اور تھانہ آئی 9 میں درج مقدمات کے کیس میں سماعت کا حکم نامہ جاری کیا۔ 

حکم نامے کے مطابق عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور  اور ایم این اے راجہ خرم نواز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں حیدر بن مسعود، عمر تنویر بٹ، راجہ ماجد حسین کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ 

عدالت نے ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔

حیدر بن مسعود اور علی امین گنڈاپور کی جانب سے الگ الگ استثنیٰ کی درخواستیں جمع کروائی گئی تھیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ حیدر بن مسعود کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ بیمار ہیں لیکن درخواست کے ساتھ کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ منسلک نہیں کیا گیا۔

تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ شہر سے باہر ہیں۔ اس سلسلے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ علی امین گنڈاپور اپریل سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

قومی خبریں سے مزید