• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، وارنٹ گرفتاری

اسلام آباد (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 5ملزمان کے کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کیخلاف تھانہ سنگجانی اور آئی نائن میں درج مقدمات کی 8جولائی کے بعد روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا عندیہ دیدیا اور بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پیشی کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب طلب کر لیا جبکہ عدالت ریمارکس دیے کہ جو ملزمان آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے انہیں اشتہاری قرار دیا جائیگا۔عدالت نے دوران سماعت پیش نہ ہونے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور ، لیگی ایم این اے راجہ خرم شہزاد نواز ، سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ ، حیدر بن مسعود اور راجہ ماجد حسین کے وارنٹ گرفتا ری جاری کئے۔ پیر کو علی نواز اعوان ، واثق قیوم ، عامر کیانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ کسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں ہو گی۔
اہم خبریں سے مزید