وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں ہجرت کرنے والوں کا ڈیٹا طلب کر لیا۔
ترجمان کے مطابق کراچی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدرات پاکستان بیورو آف شماریات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، چیف شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیورو آف اسٹیٹسٹکس کو تمام یو سیز اور ٹاؤنز کا ڈیٹا مہیا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یو سی اور ٹاؤن کی آبادی، مکان، سہولتوں کی میپنگ ہو تاکہ دیگر ضروریات پر کام کر سکیں، مجھے کچے و پکے مکانات اور بچوں کا ڈیٹا بھی یو سی اور ٹاؤن کی سطح پر چاہیے، بچوں کے ڈیٹا سے معلوم ہو جائے گا کہ کتنے بچے اسکول جا رہے ہیں اور کتنے نہیں، یہ بھی ایک تضاد ہے کہ اسکول سے باہر کتنے بچے ہیں؟
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں ہجرت کرنے والوں کا ڈیٹا بھی طلب کر لیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ میرا منصوبہ ہے کہ ڈیٹا کے حساب سے ترقیاتی منصوبے تیار کریں، ہم بجلی کی سہولت کے لیے بھی ڈیٹا چاہتے ہیں تاکہ سولر مہیا کیے جائیں۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیورو آف اسٹیٹسٹکس کو وفاقی بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے ساتھ کوآرڈینیشن بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔
اس موقع پر وفاقی بیورو شماریات کے چیف ڈاکٹر ندیم نے وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تمام اعداد و شمار مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیف شماریات سندھ کو یو سی کی سطح پر ترقیاتی میپ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی میپ بنانے سے معلوم ہو گا کہ جہاں سہولتیں نہیں وہاں دی جا سکیں۔