وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانیٔ پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتال سے متعلق بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید شخص دیسی گھی میں پکے مرغوں اور بکروں کے سوا رہ نہیں سکتا، ایسا شخص بھوک ہڑتال کیسے کرسکتا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ بھوک ہڑتال کی باتیں کرنے والے تو روزہ بھی نہیں رکھتے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک قیدی کی بلیک میلنگ اور دھونس و دھمکی سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
عظمیٰ بخاری کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ قیدی نمبر 804 کے جائز و ناجائز مطالبے مانے جا رہے ہیں، اڈیالہ جیل میں کتنے لوگ ہیں جنہیں دیسی گھی اور مٹن ملتا ہے، جیل میں ایک شیلف ہے جس میں امپورٹڈ کھجوریں، بادام اور اخروٹ پڑے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیدی پاکستان اور ایک صوبے کو دوسرے سے لڑوانے کے لیے سازش کر رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف سازش یا انقلاب لایا گیا تو پھر اس انقلاب کو واپس کرنا اچھی طرح آتا ہے، ملک کے خلاف آرٹیکل اور آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے باوجود اِنہیں قانونی طور پر ریلیف دیا جا رہا ہے۔