بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس نے بلو ٹک (اکاؤنٹ کے تصدیق شدہ ہونے کا نشان) چھین لیا گیا ہے۔
روہت شرما نے مائیکروبلاگنگ سائٹ X پر اپنی پروفائل تصویر تبدیل کی تھی، جس میں اُنہیں بارباڈوس کے اسٹیڈیم میں ہندوستانی پرچم کو لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم تاحال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی جیت کا جشن مناتی نظر آ رہی ہے۔
دوسری جانب ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بلو شرٹس نے بارباڈوس میں کھیلے گئے شو پیس ایونٹ کے فائنل میں جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دے کر 11 سال بعد یہ خوشی حاصل کی تھی۔
اس سال کے آغاز میں بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے ہندوستانی کرکٹ شائقین سے وعدہ کیا تھا کہ روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم ٹرافی جیت کر کیریبین میں ترنگا لہرائے گی۔
29 جون کو ہندوستان نے بارباڈوس میں تاریخ رقم کی کپتان روہت شرما نے ورلڈ کپ کی فتح کے بعد کینسنگٹن اوول میں ترنگا لہرایا اور اسٹیڈیم میں ترنگا گاڑ دیا۔
اس ایونٹ کے کچھ روز بعد ہی روہت شرما نے بارباڈوس میں ہندوستانی جھنڈا لگانے کی اپنی تصویر کو مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ X پر اپنی پروفائل تصویر کے طور پر اپلوڈ کر دیا۔
بھارتی کپتان کے اسی عمل کے سبب وہ ایکس اکاؤنٹ سے اپنا تصدیقی نشان بھی گنوا بیٹھے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے روہت شرما کا بلو ٹک کیوں غائب کر دیا اس کے پیچھے X کی ہی ایک شق ہے جس کے مطابق سبسکرائبرز جب بھی اپنا ہینڈل، ڈسپلے نام یا پروفائل فوٹو تبدیل کر یں گے تو وہ عارضی طور پر اپنے نیلے نشان سے محروم ہو جائیں گے جب تک کہ ان کے اکاؤنٹ کا دوبارہ سے جائزہ نہیں لے لیا جاتا۔
یہی وجہ ہے کہ روہت شرما بھی آج کل اپنا ایکس اکاؤنٹ بغیر تصدیقی نشان کے ہی استعمال کر رہے ہیں۔