کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ، اقبال شاہ ایڈووکیٹ، جمیل بوستان ایڈووکیٹ، میر وائس ایڈووکیٹ، عبداللہ ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ اور عمر فاروق ایڈووکیٹ نے بیان میں کہا ہے کہ جونیئر سینئر اور پیئن کالونی کے ٹیوب ویلوں پر تعینات اسٹاف کو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے کیونکہ مذکورہ کالونیوں کے ٹیوب ویل کئی عرصے سے خراب ہیں اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ دار سی اینڈ ڈبلیو مینٹینس ڈویژن کی ہے مگر افسوس اس جانب توجہ نہیں دی جارہی ہے، کوئی آپریٹر ڈیوٹی دے رہا ہے اور نہ ہی ٹیوب ویلوں کی مرمت کرائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کالونیوں کے مکین مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ حل نہ ہوا تو وائٹ روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے سیکرٹری لعل جان جعفر سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ کالونیوں کے ٹیوب ویلوں کی مرمت کراکر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔