گریٹر مانچسٹر / بولٹن (نمائندہ جنگ) آنجہانی ملکہ برطانیہ سے لائف اچیومنٹ ایوارڈ اور پاکستان میں حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے پاکستان کے مشہور فوک گلوکار عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی عرف لالہ جی برطانیہ پہنچ گئے۔ ان کے پروموٹر ذوالفقار علی مہر کے مطابق ان کا یہ دورہ ان کے سنگیت کی گولڈن جوبلی کی خوشی کے حوالے سے کیا جا رہا ہے جس کو ورلڈ ٹور 2024-25کا نام دیا گیا ہے جس کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ ماہ محرم الحرام کے باعث ان کے دورے کا آغاز آئندہ ماہ اگست میں برطانیہ میں ہونے والے چیرٹی ایونٹ سے کیا جائے گا جب کہ ان کے شو کا باقاعدہ آغاز ستمبر سے ہو گا۔ برطانیہ میں تقریباً 6ہفتے قیام کے بعد وہ کینیڈا روانہ ہوں گے جہاں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ ذوالفقار علی مہر کےمطابق عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی نومبر میں یورپی ممالک کے دورے پر فرانس پہنچیں گے ۔ وہ اٹلی، اسپین، ڈنمارک، ناروے ، جرمنی اور سویڈن جائیں گے اور وہاں فن کا جادو جگائیں گے۔ وہ دسمبر کے آخر میں مشرق وسطیٰ کے دورے پر پہنچیں گے جہاں وہ بحرین، ابو ظبی، مسقط، قطر، عمان اور مڈل ایسٹ کی دیگر ریاستوں کا دورہ کریں گے۔ آیندہ سال جنوری میں وہ جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے کے بعد واپس پاکستان پہنچیں گے۔