اسلام آباد(نیوز ایجنسی، جنگ نیوز)پاکستان نے کہا ہے کہ افغان حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین ہمسایہ ممالک کیخلاف استعمال نہ ہو ، دہشت گردی اور شہریوں کے قتل میں ملوث کسی گروہ سے بات نہیں کی جائیگی۔ترجمان دفترخارجہ ممتاززہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اپنے لوگوں اور املاک کی حفاظت پر عمل پیرا ہے۔ کسی ایسے گروہ سے بات چیت نہیں کی جائے گی جو ملک میں دہشت گردی اور شہریوں کے قتل میں ملوث ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغان شہریوں کی دہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان افغان مہاجرین کی منتقلی کے لیے جرمنی، کینیڈا، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔ افغان عبوری حکومت کے بعد پاکستان آنے والے 9ہزار افغانی جرمنی، 6 ہزار آسٹریلیا اور 1127امریکا جا چکے ہیں۔