کراچی(ٹی وی رپورٹ) ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کی خفیہ کال لیک ہونے پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں دفاعی تجزیہ کار سید محمد علی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کا ایجنڈا صرف پاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانا ہے، اس سے تین اہم معاملات ثابت ہوتے ہیں ،پہلی بنیادی بات جو اس لیک کال سے ثابت ہوتی ہے وہ یہ کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کی مرکزی قیادت موجود ہے جہاں سے ٹی ٹی پی اپنی حکمت عملی،ٹارگٹ سلیکشن اور دہشت گردوں کی رہنمائی کررہی ہے ۔دوسری اس سے یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے کے دوران سویلین پر امن لیڈی ہیلتھ ورکرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر حملہ یہ ثابت کرتا ہے کہ اس جماعت کے نظریے کا اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے ،یہ اسلامی تعلیمات کو مسخ کرکے ایک ملک دشمن ایجنڈے کو آگے بڑھا رے ہیں۔تیسرا جو انہوں نے اہداف کی نشاندہی کی ہے اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایک جانب وہ پاک فوج،ایف سی اور پولیس کے افسران کے گھروں کو ٹارگٹ کرنے کا کہہ رہے ہیں اور دوسری جانب سویلین اسکول،کالج اور اسپتالوں کو ٹارگٹ کرنے کی بات کررہے ہیں،جس نوعیت کے ٹارگٹس کی نشاندہی کی جارہی ہے اس سے بھی یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس جماعت کا ایجنڈا صرف پاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانا ہے جس کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے ،نہ حقوق سے کوئی تعلق ہے ۔