• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دعا زہرہ کیس: کمسن لڑکی بالغ ہوجانے تک مستقل طور پر والدین کے حوالے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

کراچی کی فیملی کورٹ نے کمسن لڑکی، دعا زہرہ کو بالغ ہو جانے تک مستقل طور پر والدین کے حوالے کر دیا ہے۔

فیملی کورٹ شرقی میں دعا زہرہ کیس میں کمسن لڑکی کے شوہر، ظہیر احمد کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے بچی کی کسٹڈی مستقل طور پر والدین کے حوالے کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت کی جانب سے والدین کو 2 لاکھ روپے کے مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جب تک بچی بالغ نہیں ہو جاتی وہ مستقل طور پر والدین کے ساتھ رہے گی، بچی کی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے حقیقی والدین کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

عدالت نے دعا زہرہ کے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچی کی تمام ضروریات، تعلیم، خوراک وغیرہ کا خیال رکھا جائے، بچی کو جب بھی عدالت طلب کرے پیش کرنا ہوگا۔

عدالتی ریمارکس کے مطابق کمسن بچی کا شوہر، ظہیر احمد ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے کہ بچی کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا، بچی نے اپنی خوشی سے والدین کے ساتھ جانے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے ہیں کہ ریکارڈ سے ثابت ہوا ہے کہ والدین نے بچی کو محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔

یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے بچی کی عارضی کسٹڈی پہلے ہی والدین کے حوالے کرنے کا فیصلہ دے رکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید