معروف بھارتی نغمہ نگار سمیر انجام نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ دبنگ اداکار سلمان خان سابق حسینۂ عالم ایشوریا رائے سے اپنی علیحدگی کے بعد فلم ’تیرے نام‘ کی شوٹنگ کے دوران اکثر گانے سنتے ہوئے رو پڑتے تھے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ایشوریا رائے کی علیحدگی 2002ء میں سرخیوں میں رہی تھی، 2003ء میں سلمان خان نے ستیش کوشک کی فلم ’تیرے نام‘ میں ایک دل شکستہ جنونی عاشق کا کردار ادا کیا تھا۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ می ںسمیر انجام نے پرانی یادوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان دل ٹوٹنے کی وجہ سے ہر شاٹ سے پہلے گانا سن کر رویا کرتے تھے۔
’تیرے نام‘ کے ٹائٹل ٹریک کے بارے میں بات کرتے ہوئے سمیر نے کہا کہ ٹائٹل ٹریک سلمان کو ذہن میں رکھ کر نہیں لکھوایا گیا تھا، البتہ یہ گانا سلمان کی اصل کہانی اور ایشوریا رائے کے ساتھ ٹوٹے رشتے کی عکاسی کرتا تھا، شاٹ دینے سے پہلے سلمان خان ہمیشہ ہمیش ریشمیا کو بلاتے کہ گانا گا کر سناؤ اور پھر گانا سن کر روتے تھے۔
سمیر انجام نے بتایا کہ سلمان خان خاص طور پر ’کیوں کسی کو وفا کے بدلے وفا نہیں ملتی‘ سنتے اور روتے تھے اور پھر اپنا شاٹ دینے جاتے تھے، ان کا زخم اس وقت کافی تازہ تھا اور وہ تکلیف میں تھے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے کا رشتہ بالی ووڈ کے سب سے زیادہ زیرِ بحث محبت کے رشتوں میں سے ایک ہے، دونوں کی ملاقات 1999ء میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی، جہاں ان کی آن اسکرین کیمسٹری حقیقی زندگی کے رومانس میں بدل گئی تھی، مداح انہیں انڈسٹری کے سب سے گلیمرس جوڑے کے طور پر سراہتے تھے۔
2002ء تک ایشوریا اور سلمان باضابطہ طور پر الگ ہو چکے تھے، ایشوریا نے 2007ء میں اداکار ابھیشیک بچن سے شادی کی اور اب یہ دونوں بیٹی آرادھیا بچن کے والدین ہیں، جبکہ سلمان خان تاحال غیر شادی شدہ ہیں۔
سمیر انجام کا شمار بالی ووڈ کے سب سے زیادہ باصلاحیت اور مشہور گیت نگاروں میں ہوتا ہے، ان کا کیریئر 3 دہائیوں پر محیط ہے، رومانوی گانوں سے لے کر پرجوش ہٹ گانوں تک انہوں نے 500 سے زیادہ فلموں کے لیے 4 ہزار سے زیادہ گانے لکھے ہیں، وہ خاص طور پر ندیم شرون، انو ملک اور ہمیش ریشمیا جیسے میوزک ڈائریکٹرز کے ساتھ اپنے تعاون کے لیے مشہور ہیں۔
فلموں ’دل ہے کہ مانتا نہیں‘، ’راجہ ہندوستانی‘ اور ’ہم آپ کے ہیں کون..!‘ کے لیے لکھے گئے ان کے گیتوں نے بالی ووڈ فلمی موسیقی پر ایک دیرپا اثر چھوڑا ہے، ان کے کچھ مشہور گانوں میں ’جب سے تیرے نینا‘، ’دل نے یہ کہا ہے دل سے‘ اور ’ایک صنم چاہیے عاشقی کے لیے‘ شامل ہیں۔