سٹاک ہوم ( کاشف عزیز بھٹہ ) اسکینڈینیویا کے اہم ترین ممالک سویڈن اور فن لینڈ کیلئے تعینات ہونے والے نئے سفیر پاکستان بلال حئی سٹاک ہوم پہنچ گئے ہیں اور سفارت خانے کے مطابق سفیر پاکستان بلال حئی 22جولائی بروز سوموار سےدارالحکومت سٹاک ہوم میں قائم سفارتخانہ پاکستان میں اپنے فرائض سر انجام دینا شروع کریں گے۔ سویڈن و فن لینڈ میں سفیر پاکستان کی تعیناتی سے قبل بلال حئی 4سال تک آذرباہجان میں سفیر پاکستان کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں سویڈن و فن لینڈ میں پاکستان کے سابق سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اسی سال اپریل میں چھوٹی عید کے بعد سے اسپین میں بطور سفیر اپنی ذمہ دارایاں ادا کر رہے ہیں۔سویڈن و فن لینڈ کیلئے تعینات ہونے والے سفیر پاکستان بلال حئی نے آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی سے بین الاقوامی اور تقابلی قوانین میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ وہ وزارت خارجہ میں مختلف سیاسی اور انتظامی عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔اس کے علاوہ، وہ کثیر الجہتی امور بالخصوص انسانی حقوق اور انسانی قوانین کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اس وقت سویڈن میں 50ہزار کے قریب پاکستانی کمیونٹی سویڈن کے تین بڑے شہروں دارلحکومت سٹاک ہوم ، گوتھن برگ اور مالمو میں مقیم ہیں جن میں زیادہ تعداد امیگرینٹس اور اسٹوڈنٹس کی ہے ۔سویڈن اور پاکستان اس سال دوطرفہ تعلقات کی 75ویں سالگرہ بھی منارہے ہیں۔سویڈن میں قرآن سوزی کے واقعات کے بعد سےپاکستان میں سویڈن کا سفارتخانہ کا ویزا سیکشن بند ہے جس کی وجہ سے پاکستا نیوں کو ویزا کے حصول کیلئے بہت مشکلات کا سامنا ہے اور ان کو ویزا کےلئے ایتھوپیا جانا پڑتا ہے ۔